عراق میں لاپتہ ہندوستانیوں کا بدوش جیل میں ہونے کا امکان

روزنامہ انڈین ایکسپریس نے عراق میں لاپتہ ہندوستانی شہریوں کے حوالے سے خبر شائع کی ہے۔ اخبار نے مرکزی حکومت کے حوالے سے تحریر کیا ہے کہ2014 میں عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے ذریعے اغوا کئے گئے39 ہندوستانیوں کے بارے میں خیال ہے کہ وہ بدوش شہر کی ایک جیل میں قید ہیں، جہاں اب بھی عراقی فوجوں اور جنگجووں کے درمیان جنگ جاری ہے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ ، جنرل وی کے سنگھ نے پچھلے ہفتے عراق کا دورہ کیا تھا جس کے بعد یہ اطلاع سامنے آئی ہے۔ اخبار رقمطراز ہے کہ دہلی سکھ گردوارہ انتظامیہ کمیٹی کے صدر منجیت سنگھ نے ایک لاپتہ ہندوستانی شہری کے قریبی رشتے دار کے ساتھ وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاات کی تھی اور ان کے حوالے سے ہی منجیت سنگھ نے یہ اطلاع بہم پہنچائی ہے۔ منجیت سنگھ نے یہ بھی بتایاکہ موصل میں تلاشی کارروائیوں کے دوران ان 39ہندوستانی شہریوں نے ایک عبادت گاہ میں پناہ لی تھی جس کے بعد ان کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تھا۔