پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی

 

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سےشروع ہوگیا۔ یہ اجلاس الگے مہینے کی 11 تاریخ تک چلے گا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی موجودہ اور سابق ارکان اور امرناتھ دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت دیئے جانے کے بعد کل تک کے لئے ملتوی کردی گئ۔

لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے موجودہ رکن ونود کھنہ اور چند سابق ارکان کی موت پر تعزیتی پیغام پڑھا۔ ایوان نے امرناتھ یاتریوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور اس حملے میں مارے گئے لوگوں کے لئے گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ اس سے قبل سری نگر کے نومنتخبہ ارکان  فاروق عبداللہ اور ملاپورم کے پی کے کنہلیکٹی نے حلف لیا۔

راجیہ سبھا میں بھی موجودہ رکن انل مادھو دوے اور پی گووردھن ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جن کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ایوان کے چند سابق ارکان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سے قبل ایوان نے امرناتھ دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لئے تعزیت کی اور مختلف ریاستوں میں سیلاب میں جانیں ضائع ہونے پر دکھ ظاہر کیا۔