پاکستان کی دہشت گردی کے لئے فنڈنگ کشمیر کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش: پارلیمانی کمیٹی

ایک پارلیمانی کمیٹی نے کہا ہے کہ کشمیر کے کچھ حصوں پر غیرقانونی قبضہ کرنے کے بعد پاکستان دہشت گردی کے لئے سرمایہ فراہم کرکے اور دہشت گردوں کی مدد کرکے کشمیر وادی کو غیرمستحکم کرنے کی کوششیں کرتا رہا ہے۔ امور خارجہ سے متعلق کمیٹی نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں پیش کی گئی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیر وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات لگاکر بھارتی ریاست جموں و کشمیر کے بارے میں ایک غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

ڈاکٹر ششی تھرور کی سربراہی والی اس کمیٹی نے پرزور انداز سے یہ رائے ظاہر کی ہے کہ اگر پاکستان اپنے طور طریقے نہیں بدلتا ہے تو بھارت کے لئے مناسب وقت ہے کہ وہ گلگت بلتستان  سمیت پاکستان کے زیرقبضہ کشمیر پر پرزور طریقے سے اپنا جائز دعویٰ پیش کرے۔ کمیٹی نے کہا کہ اس حقیقت کے تناظر میں ایسا کرنا اب اور بھی ضروری ہوگیا ہے کہ پاکستان کے زیرقبضہ کشمیر میں چین – پاکستان اقتصادی راہداری تعمیر کی جارہی ہے جو بھارت کے اقتدار اعلیٰ کے منافی ہے۔