پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس ختم،دونوں ایوانوں کی کارروائی غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان کی کارروائی ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں 19 دن کارروائی ہوئی، جو 71 گھنٹے تک چلی۔ انھوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں 17 بل پیش کیے گئے اور 14 بل منظور ہوئے۔

محترمہ سمترا مہاجن نے کہا کہ کارروائی میں رکاوٹ کی وجہ سے تقریباً 30 گھنٹے ضائع ہوئے، البتہ عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر بحث کے لئے ایوان کی کارروائی مزید دس گھنٹے تک چلی۔ وقفۂ سوالات اور کاغذات پیش کیے جانے کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کارروائی غیرمعینہ عرصے کے لئے ملتوی کردی۔

ادھر راجیہ سبھا کی کارروائی بھی غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔ نئے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے چارج سنبھالنے پر شکریہ کی اپنی تقریر کے بعد ایوان بالا کا اجلاس غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔