جاپانی وزیر اعظم بھارت  کے دو روزہ دورے پر احمد آباد پہنچے

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبےاپنے دو روزہ  بھارت دورے پر  آج گجرات کے شہر احمد آباد پہنچے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ہوائی اڈے پر ان کا خیر مقدم کیا۔ جناب آبے ،بھارت ۔جاپان سالانہ چوٹی میٹنگ میں شرکت کے لئے بھارت کے دورے پر آئےہیں۔ بارہویں چوٹی میٹنگ،جو مودی اور جناب آبے کے درمیان چوتھی میٹنگ ہوگی ،کل گاندھی نگر میں منعقد ہوگی۔دونوں رہنما،خصوصی حکمت عملی اور عالمی شراکت داری کے اپنے لائحۂ عمل کے تحت بھارت اور جاپان کے درمیان کثیر رخی تعاون میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور مستقبل کی سمت طے  کریں گے۔

جناب مودی اور جناب آبے احمد آباد اور ممبئی کے درمیان تیز رفتار ریل کے بھارت کے پہلے پروجیکٹ کے آغاز سے متعلق ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔آج دونوں وزرائے اعظم ڈانڈی کٹیر کا بھی دورہ کریں گے ،جو مہاتما مندر میں مہاتما گاندھی کے لئے وقف ایک میوزیم ہے ۔دونوں رہنما تاریخی جگہوں کا دورہ  بھی کریں گے۔جاپان کے وزیر اعظم کے دورے سے پہلے جناب مودی نے کل ایک  ٹویٹ میں کہا کہ بھارت،جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ بہت سے  شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پر امید ہے ۔