جائیداد اور املاک کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کیلئے کونسل تبادلہ خیال کریگی

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ جائیداد اور املاک کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کے لیے جی ایس ٹی کونسل تبادلہ خیال کرے گی۔ انہوں نے یہ بات بوسٹن کی ہاورڈ یونیورسٹی میں بھارت میں ٹیکس اصلاحات کے بارے میں ایک لیکچر دیتے ہوئے بتائی۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں جائیداد اور املاک ایک ایسا شعبہ ہے، جہاں سب سے زیادہ پیسہ ہے اور سب سے زیادہ ٹیکس چوری ہوتی ہے اور یہ شعبہ اب تک جی ایس ٹی کے دائرے سے باہر ہے۔ جناب ارون جیٹلی نے بتایا کہ گوہاٹی میں اگلے مہینے کی 9تاریخ کو جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں اس معاملے پر غور کیاجائے گا۔ یونیورسٹی کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے جناب جیٹلی نے کہا کہ بھارت سرکار بینکاری کے شعبے کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ایک منصوبے پر کام کررہی ہے، تاکہ بینک ترقیاتی عمل میں معاون ثابت ہوسکیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بینک کاری نظام میں اصلاحات سرکار کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں۔ جناب جیٹلی ان دنوں امریکہ کے ایک ہفتے کے دورے پر ہیں، اس دوران وہ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالی فنڈ کی سالانہ میٹنگ میں حصہ لیں گے۔