چھ پاکستانی شہریوں کو میڈیکل ویزا جاری

انگریزی روزنامہ ’ ایشین ایج‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان کے چھ شہریوں کو ہندوستان میں علاج کرانے کی غرض سے وزیر خارجہ محترمہ سشما سوراج نے میڈیکل ویزا کی درخواست منظور کرلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ، ان چھ لوگوں میں انعمتا فرّخ ANAMTA FARRUKH  نامی ایک پانچ سالہ بچی بھی شامل ہے، جو آنکھوں کے کینسر میں مبتلا ہے۔ ہندوستان کی اس انسانیت نوازی پر پاکستان کی ایک خاتون حدید عالیہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر محترمہ سشما سوراج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سشما سوراج جی، ان لوگوں کےلئے آپ کی ذات ایک نور ہے جو اندھیروں میں ہیں، جو لوگ مایوس ہوچکے ہیں ان کےلئے امید اور جو بے یقینی کا شکار ہیں ان کےلئے یقین ہیں۔ محترمہ سشما سوراج نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے پانچ سالہ بچی انعمتا Anamta کو فوری طبی ویزا جاری کیے جانے کے احکامات دے دیے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان سے میڈیکل ویزا حاصل کرنے کی درخواستوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ہندوستانی حکومت اس تعلق سے فراخدلی کا مظاہرہ کررہی ہے اور جولوگ فوری طبی علاج کےمستحق ہیں انہیں ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔