گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کاآج آخری دن

گجرات اسمبلی انتخابات میں کچھ، سوراشٹر اور جنوبی گجرات کی 89 سیٹوں کے پہلے مرحلے کے لئے چناؤ مہم آج شام ختم ہوجائے گی۔ سیاسی پارٹیاں ووٹروں کو راغب کرنے کی آخری کوششوں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی آج سورت میں ایک ریلی سےخطاب کریں گے جبکہ بی جے پی صدر امت شاہ کڈانا، کھیرالو، سدھ پور اور دیہگام میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی کئی انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر منموہن سنگھ  راج کوٹ میں جبکہ سینئر لیڈر آنند شرما ودودرہ میں چناؤ مہم میں شرکت کریں گے۔ ہمارے نامہ نگار نے خبردی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی آڈیو برج ٹیکنالوجی کے ذریعے درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے بی جے پی کے ورکروں سے بھی خطاب کریں گے۔