نیپال میں پارلیمانی اور صوبائی انتخابات کے آخری مرحلے کی پولنگ

نیپال میں پارلیمانی اور صوبائی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کے لئے آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ 45ضلعوں میں ایوان نمائندگان کے 128 حلقوں اور صوبائی اسمبلیوں کی 256 سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہورہی ہے۔ وزیراعظم شیربہادر دیوبا اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں سمیت 4 ہزار 400 سے زیادہ امیدوار اس مرحلے میں اپنی قسمت آزما  رہے ہیں۔ ایک کروڑ 22 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان کیلئے 15 ہزار 344 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ پولنگ شام چار بجے تک جاری رہے گی۔ ہمارے نامہ نگار نے خبردی ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ 32 اضلاع میں انتخابات کا پہلا مرحلہ 26 نومبر کو کامیابی سے مکمل ہوگیا تھا۔