پاکستان کےساتھ دہشت گردی پر بات چیت میں پیش رفت ہوگی: ہندوستان کا بیان

ہندوستان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دہشت گردی پر بات چیت ضرور آگے بڑھے گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ نئی دہلی نے اسلام آباد پر واضح کردیا ہے کہ دہشت گردی اور بات چیت دونوں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں ہیں لیکن دہشت گردی پر بات چیت ضرور آگے بڑھ سکتی ہے۔ اس خبر کو تمام اخبارات نے اپنے کالموں میں خاص جگہ دی ہے ۔ روزنامہ ایشین ایج لکھتا ہے کہ ہندوستان نے جمعرات کے روز اس بات کی تصدیق کردی کہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے حال ہی میں اپنے پاکستانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل نصیر خاں جنجوعہ سے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں 26 دسمبر کو ملاقات کی تھی۔ وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں بتایا کہ فریقین کے درمیان بات چیت میں دہشت گردی اور سرحد پار سے دہشت گردی کے موضوعات زیر بحث آئے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایسے کئی امور ہیں جن پر بات چیت چلتی رہتی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ دونوں ملکوں کے سلامتی کے قومی مشیروں کے درمیان بات چیت سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ ہندوستان بھی پاکستان کے ساتھ خاموشی سے مذاکرات جاری رکھنے کے حق میں ہے اور دونوں مشیروں کا کسی تیسرے ملک میں ملنا اس بات کا بین ثبوت ہے۔