جموں وکشمیر: پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی

جموںو کشمیر کے اڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے پاس بھارتی چوکیوں پر پاکستانی فوجیوں نے کل رات ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور گولی باری کی۔ فوج کے ایک افسر نے ہمارے نامہ نگار کو بتایا کہ کمل کوٹ علاقے میں اچانک کی گئی اس فائرنگ میں اب تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے بھی پاکستان کی طرف سے کی گئی اس فائرنگ کا بھر پور جواب دیا ہے ۔ افسر نے بتایا کہ آمنے سامنے کی یہ فائرنگ کل رات تقریباً دو بجے تک جاری رہی ۔ اسی دوران فوج کے ذرائع نے بتایا کہ کمل کوٹ اڑی علاقے میں گشت کے دوران ایک بارودی سرنگ میں دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔ سپاہی کی حالت مستحکم ہے اور سری نگر میں فوج کے 92،بیس اسپتال میں اس کا خصوصی علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس فوجی کے زخمی ہونے کا تعلق پاکستانی فوجیوں کی طرف سے کل رات کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی سے نہیں ہے۔