13.04.2018 جہاں نما

موجودہ حکومت بھارتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے عہدبستہ: وزیراعظم

آج ملک کے تمام اخبارات نے وزیراعظم نریندرمودی کےسرحدوں کے دفاع سے متعلق بیان کو صفحۂ اول کی زینت بنایا ہے۔ روزنامہ ٹری بیون نے اپنی خبر میں تحریر کیا ہے کہ چنئی میں ڈیفنس ایکسپو 2018 کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  امن وامان کے قیام کیلئے حکومت کی عہدبستگی اتنی ہی مستحکم ہے جتنی کہ ملک کےعوام اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لئے وہ پابند عہد ہے۔اسی مقصد سے اپنے دفاع کی پیداواری صلاحیت میں زبردست اضافہ کرتے ہوئے وہ اپنے سالانہ بجٹ کا 12 فی صد افواج پر خرچ کررہی ہے۔ اخبار مزید رقمطراز ہے کہ جناب نریندرمودی نے بھارت کو دفاعی پیداوار کا مرکز بنانے اور مسلح افواج کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کی کوششوں کا بھی ذکر کیا جو بھارت کے ساتھ چار ہزار کلومیٹر طویل سرحد پر چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نیز ہند۔بحرالکاہل خطے میں چین کے  غلبے میں مزید اضافے کی کوششوں کے پس منظر میں بے حد اہمیت کی حامل ہیں۔ وزیراعظم کے خطاب کے حوالےسے اخبارلکھتا ہے کہ بھارت میں جنگجو جیٹ کی تیاری کا 15 بلین ڈالر پروجیکٹ حاصل کرنے کیلئے عالمی فوجی ہوابازی کمپنیاں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ میں شامل ہیں اور بھارت اس پروجیکٹ کا فیصلہ کرنے میں تاخیر سے کام نہیں لے گا۔

 

اسرو نے لانچ کیا نیوی گیشن سیارچہ

اخبارات نے جس دوسری خبر کو جلی سرخیوں کے تحت شائع کیا ہے وہ نیوی گیشن سیارچے آئی آراین ایس ایس دوئم کی خلا میں روانگی سےمتعلق ہے۔ روزنامہ ہندو اس خبر کے حوالےسے لکھتا ہے کہ ایک ہزار 425 کلوگرام وزنی یہ سیارچہ کل علی الصبح آندھراپردیش میں سری ہری کوٹا اسپیس پیڈ سے چھوڑا گیا جو بھارت کے نیوی گیشن سیارچوں کے جھرمٹ نیو آئی سی میں شمولیت کیلئے آٹھواں سیارچہ ہے۔ نیوی گیشن ودھ انڈین کانسٹیلیشن یعنی نیو آئی سی کو پوزیشن، نیوی گیشن اور اشیا اور افراد سے متعلق وقت کی صحیح صحیح معلومات حاصل کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان آٹھوں سیارچوں میں سویلین اور محدود فوجی یا سلامتی اپیلی کیشن موجود ہیں تاکہ زمین، سمندر اور فضا میں فلیٹ کی مانیٹرنگ اور قدرتی آفات کی معلومات اور سلامتی کے معاملات میں مدد دی جاسکے۔

لانچ کے بعد اپنے خطاب میں اسرو کے چیئرمین کے۔سیوان نے کہا کہ نیو آئی سی تاریخ رقم کرے گا اور پوزیشن پر مبنی خدمات کے سلسلے میں متنوع اپیلی کیشن تیار کرےگا۔

 

جنوبی بحیرۂ چین میں چین کی سب سے بڑی فوجی مشق

چین نے کل متنازعہ جنوبی بحیرۂ چین میں اب تک کی سب سے بڑی بحری مشق کی ہے۔ جس کے دوران اس نے اپنے ایئرکرافٹ کیریر گروپ اور پیوپلز لبریشن آرمی کے جدیدترین اسلحے کی نمائش کی گئی۔ روزنامہ انڈین ایکسپریس نے پی ایل اے  ڈیلی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صدر شی جن پنگ نے اس مشق کا مشاہدہ کیا اور سیلرس سے خطاب کیا۔ خیال رہے کہ شی جن پنگ، سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں جس کے تحت چین کی دو ملین فوج آتی ہے ڈیلی کے مطابق اس مشق میں 48 بحری جہازوں، 76 طیاروں اور دس ہزار سے زائد سیلرس اور سپاہیوں نے حصہ لیا۔ اس مشق کو جدید ترین چین  کی اساس اور نئے دور میں پی ایل اے بحریہ کے شاندار مظاہرے سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ فوجی امور کے ماہر سانگ زہونگ پنگ نے گلوبل ٹائمز کو بتایا کہ اس مشق میں استعمال کئے گئے جدیدترین اسلحہ جات میں طیارہ بردار جہاز لیاؤ ننگ ، ٹائپ 052 ڈی- ڈسٹرائرس، ٹائپ 052 سی ڈسٹرائرس، ٹائپ 071 ایمفی بیئنس ٹرانسپورٹ ڈاک اور ٹائپ 093 آبدوزیں شامل تھیں۔ اخبار نے واضح کیا ہے کہ چین، جنوبی بحیرہ چین کے تقریبا تمام علاقوں پر اپنا دعوی جتاتا ہے جبکہ ویتنام، فلپینس، ملیشیا اور تائیوان بھی اس علاقے  پر اپنا دعوی جتاتے ہیں۔

 

افغان ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر پر طالبان کا حملہ ، 7 ہلاک

روزنامہ  ایشین ایج اپنی ایک رپورٹ میں لکھتا ہے کہ کل صبح طالبان نے افغانستان کے غزنی صوبے کے خواجہ عمری ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس پر حملہ کیا جس میں مقامی گورنر سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈپٹی صوبائی پولیس سربراہ رمضان علی نے ہلاک شدگان کی تعداد 13 بتائی ہے جس میں سات پولیس اور انٹلی جینس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اخبار کے مطابق ملٹنٹوں نے ڈسٹرکٹ کمپاؤنڈ میں گھسنے کیلئے ایک سیڑھی کا استعمال کیا۔ صحافیوں کو بھیجے گئے وہاٹس ایپ پیغامات میں طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

 

پاکستان میں ہندو مذہب کی توہین کا معاملہ، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت

پاکستان میں ہندو اقلیت اور ہندو مذہب سے متعلق ایک خبر میں روزنامہ انڈین ایکسپریس نے قارئین کو مطلع کیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے وزارت داخلہ سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے فرد یاگروپ کے خلاف کارروائی کرے جو ہندو مذہب کی توہین سے متعلق مواد پوسٹ کرنے میں ملوث ہو ۔ اس سے قبل پاکستان میں اقلیتی رہنماؤں نے آن لائن نفرت انگیز تقریر کے خلاف احتجاج کیا تھاجس سے ان کے جذبات مجروح ہوئے تھے۔  اخبار پاکستان کے روزنامہ ڈان کے حوالے سے آگے لکھا ہے کہ اسپیکر نے یہ ہدایت ہندو قانون ساز رمیش لعل کے ایک احتجاج کے بعد جاری کی جنہوں نے ایک ایسی تصویر پیش کی تھی جس میں پاکستان انصاف پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو ایک ہندو دیوتا کی شکل میں دکھایا گیا تھا۔ ایک اور رکن پارلیمان لال چند ملہی نے کہا کہ ایسے ثبوت ملے ہیں کہ اقلیتی برادری کو نشانہ بنانے والی اور ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کی آن لائن مہم چلائی گی۔

 

سری لنکا میں 16 وزراء مستعفی

16 وزراء سری لنکا حکومت سے مستعفی؛ یہ سرخی ہے روزنامہ ہندو کی ۔ خبر کے مطابق ’’ سری لنکا میں صدر میتری پالا سری سینا کی سری لنکا فریڈم پارٹی کے 16 کابینی وزراء نے کل حکومت سے استعفی دے دیا۔ اس سے چند روز قبل ان وزراء نے پارلیمان میں وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت میں ووٹ دیا تھا۔ اخبار مزید رقمطراز ہے کہ ان وزراء کے ساتھ ہی 10 دیگر ریاستی اورنائب وزراء نے بھی حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ ارکان پارلیمان نے اپنی پارٹی پر بھی حکومت چھوڑنے کیلئے زور دیا ہے۔ اخبار نے یاد دہانی کرائی ہے کہ چار اپریل کو سابق صدر مہندا  راج پکسے کے حامیوں کے ذریعے پیش کی گئی عدم اعتماد تحریک کو وکرم سنگھے نے باآسانی شکست دے دی تھی۔ اس سے قبل جناب سری سینا اور وزیراعظم نے کابینہ میں ردوبدل سے اتفاق کیا تھا مگر اسی دوران ایس ایل ایف پی کے منحرف قانون سازوں نے اپنے اپنے قلمدان چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا جس کی وجہ سے ایک پیچیدہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تاہم ان مستعفی وزراء نے واضح کیا ہے کہ وہ راج پکسے حامی طاقتوں سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

 

دولت مشترکہ  کھیل––بھارت کی فتوحات کا سلسلہ جاری

دولت مشترکہ کھیلوں کے حوالے سے اپنی خبر میں روزنامہ ہندوستان ٹائمز نے تحریر کیا ہے کہ کل مقابلے کے آٹھویں دن کا آغاز بھارت نے زوروشور سے کیا تھا اور کشتی مقابلوں میں چار تمغے حاصل کئے تھے جن میں سشیل کمار اور راہل اوارے کے دو طلائی تمغے شامل ہیں۔ اخبار کےمطابق سشیل کمار کے لئے یہ تمغہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ تنازعات میں گھر گئے تھے جن سے توجہ ہٹانا ضروری تھا جبکہ اوارے کیلئے بڑے بڑے مقابلوں میں فتح کیلئے یہ تمغہ حوصلہ افزا ثابت ہوگا۔ خواتین مقابلےمیں 53 کلوگرام زمرے میں ببیتا کماری نے چاندی کا اور 76 کلوگرام زمرے میں کرن نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ آل انڈیا ریڈیو نے اپنی تازہ ترین خبروں میں بتایا ہے کہ 15 سالہ بھارتی شوٹر انیش بھان والا نے آج اس وقت تاریخ رقم کی جب انہوں نے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل مقابلے میں سب سے کم عمر نوجوان ٹرین شوٹر کے بطور طلائی تمغہ حاصل کیا۔ دوسری جانب خواتین کے 50 میٹر رائفل 3 پوزیشن میں بھارتی شوٹر تیجسونی ساونت اور انجم مدگل نے بالترتیب سونے اور چاندی کے تمغے حاصل کئے۔ کشتی کے مقابلوں میں خواتین کے فری اسٹائل 68 کلو گرام زمرے میں دویّا کاکرن نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ پوجا ڈھانڈا نے 57 کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا ۔ بھارت کو ایک اور کامیابی اس وقت ملی جب بجرنگ پنیا نے مردوں کے فری اسٹائل 65 کلوگرام زمرے میں سونے کا میڈل حاصل کیا۔