دولت مشترکہ کھیل میں بھارت کی شاندار کارکردگی

آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں 21 واں دولت مشترکہ کھیل کل شام ایک رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچے۔ اختتامی تقریب میں مشہور و معروف مکے باز ایم سی میری کوم نے ہندوستانی دستے کی قیادت کی اور وہ ترنگا لئے ہوئے آگے آگے چل رہی تھیں۔

اِن کھیلوں میں تمغے حاصل کرنے میں بھارت تیسرے نمبر پر رہا اور اُس نے مجموعی طور پر 66 تمغے جیتے ہیں ، جن میں سے سونے کے 26 ، چاندی اور کانسے کے بیس -بیس  تمغے شامل ہیں۔ آسٹریلیا تمغے حاصل کرنے میں سرفہرست رہا اور اُس نے سونے کے 80 ، چاندی کے 59 اور کانسے کے بھی 59 تمغے جیتے۔ انگلینڈ نے مجموعی طور پر 136 تمغے جیتے ہیں۔ کھیلوں کے آخری دن بھارت نے سونے کا ایک ، چاندی کے چار اور کانسے کے دو تمغوں سمیت کُل سات تمغے جیتے ہیں۔ خواتین کے سنگلز کے بیڈمنٹن میں بھارت آج سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ۔ فائنل میں پی وی سندھو اور سائنا نہوال دونوں آمنے سامنے تھیں ۔ سائنا نے 21-18 ، 23-21 سے یہ مقابلہ جیت لیا۔ مردوں کے سنگلز کے فائنل میں کے سری کانت کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا ۔ مردوں کے ڈبلس میں  ساٹ وک رانکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی ، انگلینڈ کی جوڑی مارکس ایلیز اور کرس لینگرج سے ہار گئی ، لہٰذا ہندوستانی جوڑی کو چاندی کا تمغہ ملا ۔ چاندی کا ایک اور تمغہ اسکاش میں ملا ۔ بھارت ٹیبل ٹینس میں بھی کانسے کے دو تمغے حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ مکسڈ ڈبل میں ہندوستانیوں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ منیکا بترا اور ساتھیان گننسیکرن نےاچنتا شرتھ کمل اور موما داس کی جوڑی کو شکست دی ۔