جموں وکشمیر: پاک فائرنگ  میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت بی ایس ایف کے چار اہلکار شہید

جموں  وکشمیر میں پچھلی رات سانبا ضلع میں واقع بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فورسیز کی طرف سے کی گئی فائرنگ میں ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت بی ایس ایف کے چار اہلکار شہید اور 5 جوان زخمی ہوگئے۔ بی ایس ایف کے ذرائع نے آکاشوانی کو بتایا کہ پچھلی رات تقریبا دس بجے رام گڑھ سیکٹر کے چمیلیال اور نارائن پور میں واقع بی ایس ایف کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستانی فوجوں نے سرحد پار سے بلاجواز فائرنگ شروع کردی اور پاکستانی رینجرس نے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں بھارتی ٹھکانوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار کی جانیں تلف ہوئیں اور زخمی ہوئے۔ سرحد کی نگہبانی کرنے والے بی ایس ایف کے جوانوں نے بھی اس کا جواب دیا اور دونوں طرف سے رات دو بجے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔