معاندانہ کارروائی بند ہونے سے کوریائی جزیرہ نما نیو کلیائی ہتھیاروں سے پاک ہوگا: کم

شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیائی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مقصد کے حصول کیلئے امریکہ اور شمالی کوریا دونوں کو ایک دوسرے کے خلاف کی جانے والی معاندانہ کارروائی کو بند کرنا ہوگا۔ جناب کم کا حوالہ دیتے ہوئے شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ جزیرہ نما میں امن و استحکام کے حصول کیلئے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے خلاف معاندانہ کارروائی اے احتراز کرنا ہوگا۔ سرکاری خبر رساں  ایجنسی کے سی این اے نے کہا کہ دونوں لیڈروں کی کل کی سربراہ میٹنگ کے بعد دونوں ملکوں کے رشتے بہتر ہوئے ہیں۔ ایجنسی نے کہا کہ جناب کم نے صدر ٹرمپ کو پیانگ یانگ آنے کی دعوت دی ہے، جس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے لیڈر کو بھی امریکہ آنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کا دعوت نامہ قبول کرلیا ہے۔