09.07.2018 جہاں نما

پاکستان کے عام انتخابات پر ٹری بیون کا اداریہ: بھارت کے تئیں پاکستان کے دوہرے رویے کے خاتمے کے کوئی آثار نہیں

اخبارات نے آج پھر پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق خبروں کا احاطہ کیا ہے۔ روزنامہ ٹری بیون نے اس موضوع پر اپنے اداریے میں تحریر کیا ہے کہ پاکستان کے آئندہ انتخابات اس کی قومی زندگی کے لئے ایک ریکارڈ ثابت ہوں گے۔ ملک کی تاریخ میں فوج کی مداخلت کے بغیر تیسری بار مسلسل انتخابات ہونے جارہے ہیں جس کے بعد اصولی طو رپر جمہوری اداروں کو، سلامتی ایجنسیوں کےساتھ طاقت کے توازن کے لئے مناسب طور پر اختیارات کی تفویض ہونی چاہئے نتیجتاً ان کو ملک کی پالیسیوں میں یکساں طو رپر فیصلہ کرنے کا اختیار مل جانا چاہئے خصوصاً ہندوستان کی فکر و تشویش سے متعلق شعبوں میں جن میں کشمیر کے تعلق سے خارجہ پالیسی خصوصی اہمیت کی حامل ہے، لیکن عدالت عظمیٰ نے نواز شریف اور ان کی دختر کو انتخابات سے بلیک لسٹ کردیاہےجس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فوج نے اس بات کی پوری کوشش کی کہ نواز شریف نے بھارت سے رشتے استوار کرنے کی جو کوشش کی اس کی انہیں قیمت چکانی پڑے۔ دوسری جانب انتخابات میں کئی اتار چڑھاؤ آسکتے ہیں۔ عمران خاں کی فتح سے سیاسی جھکاؤ فوج کی جانب ہوسکتا ہے۔  اگر نواز شریف ملک واپس آکر رائے دہندگان کو اپنی طرف مائل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں اور ان کی پارٹی حکومت بنالیتی ہے تو حکومت میں فوج کی دخل اندازی برقرار رہے گی۔ اخبار اپنے اداریے میں لکھتا ہے کہ پاکستان میں طاقت پر قبضے کے لئے 20 برس کے طویل دورانئے کو فوج دوہرانے کی خواہشمند نہیں ہے لیکن اقتدار پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنے کی پوری کوشش کرتی رہے گی۔

پاکستان میں انتخابات کے لئے مذہبی جماعتوں کے ریکارڈ460 امیدوار میدان میں

روزنامہ ٹائمز آف انڈیا پاکستان کے عام انتخابات کے حوالے سے اپنی خبر میں لکھتا ہے کہ قومی اسمبلی انتخابات کے لئے پاکستان میں ممنوعہ جماعت الدعوہ سمیت مذہبی جماعتوں نے 460 سے زیادہ امیدوار میدان میں اتارے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ اخبار نے پاکستان کے روزنامہ دی نیشن کے حوالے سے تحریر کیا ہے کہ دیگر جماعتوں میں متحدہ مجلس عمل، تحریک لبیک پاکستان اور حافظ سعید کی جماعت الدعوہ کی سیاسی شاخ ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ پارٹی اللہ اکبر تحریک شامل ہیں۔ یہ امیدوار انتخابات کے نتائج پر اثر ڈالنے اور پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیوپلز پارٹی کے امیدار وںکو ہرانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پاکستان انتخابی کمیشن کی حتمی فہرست کے مطابق کل تین ہزار چار سو 59 امیدوار قومی اسمبلی کی 272 جنرل نشستوں پر انتخابات لڑیں گے۔

نواز شریف کا داماد محمد صفدر گرفتار

روزنامہ ہندو نے پاکستان کے ہی تعلق سے ایک خبر میں مطلع کیا ہے کہ نواز شریف کے داماد سبکدوش کیپٹن محمد صفدر کو اتوار کے روز اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ راولپنڈی میں اپنے حامیوں کی ایک ریلی کی قیادت کرنے کے لئے ڈرامائی طو رپر نمودار ہوئے۔ یاد رہے کہ بد عنوانی کے ایک مقدمے میں جمعے کے روز محمد صفدر ان کی اہلیہ مریم اور نواز شریف کو قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اخبار مزید رقمطراز ہے کہ قومی احتساب بیورو نے راولپنڈی میں ان کو نمودار ہوتے ہی گرفتار کرلیا۔ اس سے قبل اتوار کے روز ایک آڈیو میسیج میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ عہدیداروں کے سامنے خود سپردگی کردیں گے۔ اخبار نے واضح کیا ہے کہ سزائے قید کے بعد ان کو انتخابات کے لئے نا اہل قرار دے دیا گیا ہے۔

عدالت عظمیٰ نے زرداری اور ہمشیرہ فریال پر بیرون ملک سفر کے لئے لگائی پابندی

روزنامہ ایشین ایج کی خبر کے مطابق پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے سابق صدر اور پاکستان پیوپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پر ، جعلی بینک کھاتوں کے مقدمے میں ملوث ہونے کی وجہ سے بیرون ملک سفر کے لئے پابندی عائد کردی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ جعلی بینک کھاتوں کے مقدمے کے عمل میں سست رفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے جاری کیا۔ عدالت عظمیٰ نے 12 جولائی کو جعلی کھاتوں کے سات مالکان اور 13 مستفیضین کو عدالت میں طلب کیا ہے۔ ان میں زرداری، فریال تالپور اور اقبال ارائیں کے نام قابل ذکر ہیں۔

جنوبی کوریا کے صدر کا دورۂ ہند: معاشی تعاون پر خصوصی زور

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان بھارت کے چار روزہ دورے پر کل نئی دہلی پہنچے۔ روزنامہ اسٹیس مین نے اس حوالے سے اپنی خبر میں تحریر کیا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے باہمی تعلقات نیز کوریائی جزیرہ نما کی حالیہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ بھارت میں اپنے قیام کے دوران وہ انڈیا – کوریا بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج بھی ان سے ملاقات کریں گی اور منگل کے روز راشٹر پتی بھون میں ان کو رسمی استقبالیہ دیا جائے گا جس کے بعد وہ وزیر اعظم سے وفد کی سطح کی بات چیت کریں گے۔ توقع ہے کہ دونوں رہنما دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی اسٹریٹیجک شراکت کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر غور کریں گے۔ موجودہ دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان کچھ معاشی اور دیگر شعبوں میں کچھ معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ اخبار آخر میں لکھتا ہے کہ اس دورے سے قبل جنوری کوریا کے صڈارتی عمل بلیو ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ نہ صرف معاشی شعبے میں بلکہ جزیرہ نما میں امن و خوشحالی سے متعلق منصوبوں میں بھارت، سیول کا ایک اہم شراکت داں بنتا جارہا ہے۔ اپنے دورے میں صدر مون جے ان ، صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے بھی ملاقات کریں گے۔

بھارت۔میانمار بین الاقوامی سرحد پر کھمبوں کی منتقلی کی خبر بے بنیاد: وزارت خارجہ

روزنامہ ایشین ایج نے وزارت خارجہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ بھارت نے کے ان خبروں کو بے بنیاد قرا رددیا ہے کہ بھارت ، میانمار بین الاقوامی سرحدف پر کچھ کھمبوں کو مبینہ طور پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ان اخباری رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے میانمار نے بھارت کی سرحد کے کئی کلومیٹر اندر تک اپنے کھمبے تعمیر کردیئے ہیں، وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔ نیز یہ کہ بین الاقوامی سرحد کے اس حصے کا معاملہ طے ہوگیا ہے اور اس کے مسئلے میں کوئی غلط فہمی نہیں ہے۔ اخبار نے وزارت خا رجہ کے حوالے سے آگے لکھتا ہے کہ بھارتی اور میانمار کے سروے محکموں نے مشترکہ طور پر روز مرہ کا سروے پورا کرلیا ہے۔ منی پور کی ریاستی حکومت کو اس پورے کام میں شامل کیا گیا ہے اور یہ کام انڈیا-میانمار باؤنڈری ایگریمنٹ مجریہ 1967 کے التزامات کے عین مطابق ہے جس کے تئیں دونوں ملکوں کی حکومتیں پوری طرح سے عہد بستہ ہیں۔

جمناسٹکس ورلڈ چیلنج کپ میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی دیپاکرماکر پہلی بھارتی جمناسٹ

ریو اولمپکس میں معمولی فرق سے تمغہ کے حصول میں چوک کر چوتھا مقام حاصل کرنے والی اسٹار جمناسٹ دیپا کرما کرنے دو سال کے طویل وقفہ کے بعد شاندار واپسی کی ہے۔ انہوں نے ترکی کے شہر مرسن میں منعقد آرٹسٹک جمناسٹکس ورلڈ چیلنج کپ کے والٹ مقابلے میں اتوار کے روز طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ اس خبر کو تمام اخبارات نے اپنے کالموں میں نمایاں جگہ دی ہے۔ روزنامہ ٹائمز آف انڈیا لکھتا ہے کہ تریپورہ سے تعلق رکھنے والی کرماکر نے 14 اعشاریہ ایک پانچ صفر پوائنٹ حاصل کرکے یہ مقابلہ جیت لیا۔ کوالیفیکیشن راؤنڈ میں بھی انہوں نے 13 اعشاریہ چار صفر صفر پوائنٹ حاصل کرکے اعلیٰ ترین مقام حاصل کیا تھا۔ اس مقابلہ میں انڈونیشیا کی رفدا عرفان لطفی کو چاندی کا جبکہ ترکی کی گوکسو اکتاس سانلی نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔اور کرکٹ میں انگلینڈ کے خلاف بھارت نے تیسر ا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر سیریز ایک کے مقابلے دو میچوں سے جیت لی۔ برسٹل میں کل کھیلے گئے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 198 رن بنائے۔ جیت کے لئے بھارت کو 199 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 18 اوور اور چار گیندوں میں 3 وکٹ کھو کر حاصل کرلئے۔