11.07.2018 جہاں نما

بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے دہلی میں آئی ایس کے ذریعے تباہی و بربادی کے منصوبہ کی تصدیق افغان دہشت گرد گرفتار

۔     روزنامہ انڈین ایکسپریس نے ایک خودکش افغان بمبار کی تلاش اور گرفتاری کے سلسلے میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ایک منصوبے سے متعلق خصوصی رپورٹ شائع کی ہے۔ اخبار نے صفحۂ اوّل پر شائع خبر میں بتایا ہے کہ اس آئی ایس حملہ آور کو دہلی میں تباہی و بربادی پھیلانے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ اخبار نے خفیہ ایجنسیوں کے اس آپریشن کو دلیرانہ  اور مثالی قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ آئی ایس کے خطرناک منصو بے کی اطلاعات ملنے کے بعد خفیہ ایجنسیوں نے اس کی تلاش اور شناخت کے بعد اس کو اپنے جال میں پھنسایا تھا۔ اس منصوبے کے تحت اس دہشت گرد کو ستمبر میں 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کی اب تصدیق کی گئی ہے۔ اخبار نے اعلیٰ سفارتی اور خفیہ ذرائع کے حوالے سے مزید تحریر کیا ہے کہ بھارت میں انجینئرنگ کے ایک طالبعلم کے بھیس میں رہنے والے اس افغان دہشت گرد کو گرفتاری کے بعد افغانستان لے جایا گیا تھا اور خیال ہے کہ وہ وہاں اس کو امریکہ کے اہم فوجی اڈے پر قید میں رکھا گیا ہے۔ در حقیقت یہ دہشت گرد اتنا اہم ہے کہ اس کے اعترافات اور پوچھ تاچھ کے نتائج کی بنیاد پر افغانستان میں طالبان کے خلاف امریکی افواج کی حالیہ اور مسلسل کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق افغانستان دبئی اور نئی دہلی میں 18 ماہ طویل نگرانی کی کارروائیوں سے معلوم ہوا کہ 12 آئی ایس کارکنوں کو علاقے میں حملوں کی تربیت دینے کےلئے پاکستان بھیجا جارہا ہے اور ان میں  سےایک افغان شہری کو نئی دہلی میں خودکش حملوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اس افغان دہشت گرد سے پوچھ گچھ کے بعد یہ اشارے ملے ہیں کہ مئی 2017 میں مانچسٹر میں جو خودکش  کیا گیا تھا اس کا ذمہ دار اسی آئی ایس گروپ کا ایک رکن تھا اور اسی گروپ سے گرفتار افغان شہری کا بھی تعلق پایا گیا ہے۔

 

نواز شریف اور مریم نواز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل

۔     روزنامہ ہندوستان نے خبر دی ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی دختر مریم نواز کی پاکستان میں متوقع  آمد سے تین دن قبل ملک کی وزارت داخلہ نے ان دونوں افراد کے ناموں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ملک میں ان کی آمد کی اجازت تو ہے، مگر یہاں پہنچنے کے بعد یہ لوگ بیرونِ ملک نہیں جاسکیں گے اور آمد کے فوراً بعد ہی ان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ اخبار کے مطابق جون 2015 سے لندن میں مقیم نواز شریف نے اعلان کیا تھا کہ وہ 13 جولائی کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ اسی سے متعلق ایک واقعے کی خبر دیتے ہوئے اخبار لکھتا ہے کہ ایک مشتعل ہجوم نے اتوار کے روز اس وقت نواز شریف پر حملہ کیا جب وہ ایون فیلڈ (Aven field) میں واقع اپنے بیٹے کے گھر میں داخل ہورہے تھے۔ ایک اور ویڈیو فوٹیج میں پاکستان تحریک انصاف کے پرچم اٹھائے ہوئے درجنوں افراد کو عمارت کے باہر احتجاج کرتے ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔روزنامہ ٹائمز آف انڈیا نے پاکستان کی سیاست میں حالیہ اتار چڑھاؤ کی خبر دیتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کا منشور جاری کرتے ہوئے پارٹی سربراہ عمران خان نے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا عہد کیا اور کہا کہ بھارت کے ساتھ تعاون کی پالیسی اپنانے کے بعد ہی علاقے میں امن قائم ہوسکتا  ہے، جس میں سلامتی کونسل کے دائرہ کار کے اندر مسئلہ کشمیر بھی شامل ہو۔ اس لیے خارجہ پالیسی اور قومی دفاعی محاذ کے سلسلے میں منشور میں کہا گیا ہے کہ پارٹی، سلامتی کونسل کے دائرہ کار کے اندر مسئلہ کشمیر  حل کرنے کیلئے ایک خاکہ تیار کرے گی۔

کوریا جزیرہ نما میں قیام امن کے عمل میں بھارت شراکت دار

۔     وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارت کے دورے پر آئے جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے دو طرفہ خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری سے اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں 11 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ روزنامہ ایشین ایج نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ دونوںممالک نے 2030 تک دو طرفہ تجارت کو 50بلین ڈالر تک پہنچانے سے بھی اتفاق کیا  اور دفاعی تعاون کو زبردست فروغ دینے کےلئے عہد بستگی کا اظہار کیا۔صدر مون کے ساتھ گفتگو کے دوران نریندر مودی نے کہا کہ کوریائی جزیرہ نما میں قیام امن کے لیے بھارت ایک شراکت دار رہا ہے اور وہاں کشیدگی دور کرنے کےلئے وہ ہر ممکنہ کوشش کرے گا۔ اس موقع پر نریندر مودی نے شمال مشرقی ایشیا  اور جنوب دار ایشیا کے درمیان نیو کلیائی اسلحہ جات توسیع پر ہندوستان کی تشویش کا معاملہ بھی اٹھایا جو نیوکلیائی اور میزائل ٹیکنالوجی کے لیے شمالی کوریا اور پاکستان کے درمیان طویل اور خفیہ جوڑ توڑ کا در پردہ حوالہ تھا۔

بیجنگ کے ساتھ بات چیت کےلئے اعلیٰ فوجی افسر کی زیر قیادت وفد چین کا دورہ کرے گا

۔     چین کے ساتھ سرحدی تنازع کے حل اور تعلقات کے فروغ کے لیے ایک وفد اگلے ماہ بیجنگ کا دورہ کرے گا، جس کی قیادت ایسٹرن  یا ناردرن کمانڈ کے سربراہ کریں گے۔ اس حوالے سے اخبار ایشین ایج نے تحریر کیا ہے کہ دسمبر 2015 میں اُس وقت کے ناردرن آرمی کمانڈ کے سربراہ کی قیادت میں وفد کے بیجنگ کے دورے اور گزشتہ برس ڈوکلام تعطل کے بعد یہ پہلا اعلیٰ اختیاراتی دورہ ہے، جو چین کے ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر کی زیر قیادت دس رکنی وفد کے حالیہ دورۂ بھارت کے جواب میں ہورہا ہے۔ اخبار نے واضح کیا ہے کہ ووہان میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ غیر رسمی ملاقات میں وزیراعظم نریندر مودی نے دونوں ممالک کی فوجوں سے اس سلسلے میں تعاون کرنے کےلئے کہا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک ’فوجی تبادلوں ، سرحدی بندوبست اور کنٹرول نیز سرحدی دفاعی تعاون پر بھی کام کریں گے۔

افغانستان میں خود کش حملہ،12 افراد ہلاک

۔     افغانستان میں خودکش حملہ آور کے ذریعے دھماکے میں منگل کے روز 12 افراد ہلاک ہوگئے اور ایک پٹرول اسٹیشن کو آگ لگ گئی۔ روزنامہ ہندو نے عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اس بمبار کا نشانہ افغان سلامتی افواج تھیں۔ یہ واقعہ جلال آباد شہر میں پیش آیا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق اس دھماکے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ گروپ نے عمق پروپیگنڈا ایجنسی کے توسط سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اخبار کے مطابق منگل کے روز یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پامپئو نے اپنے غیر اعلانیہ دورے کے موقع پر افغانستان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی امید ظاہر کی تھی۔

کشمیر میں جھڑپ کے دوران جیش محمد کے دو ملی ٹنٹ ہلاک، ان میں سے ایک پاکستانی شہری

۔     روزنامہ ٹری بیون کی ایک خبر کے مطابق وادیٔ کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیان میں سات گھنٹے طویل جھڑپ کے دوران جیش محمد کے دو ملی ٹنٹ ہلاک کردیے گئے، ان میں سے ایک پاکستانی شہری تھا۔ یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب سلامتی دستوں نے شوپیان ضلع کے کندلن (Kundalan ) گاؤں میں گھیرا بندی اور تلاشی مہم شروع کی۔ پولیس کے مطابق ان میں سے ایک دہشت گرد سمیر احمد شیخ کا تعلق راول پورہ، شوپیان سے ہے، جبکہ دوسرا بابر نامی پاکستانی شہری جیش محمد کا کمانڈر ہے ۔ یہ دونوں ہی سلامتی اداروں پر حملوں اورشہریوں پر جبر و تشدد میں ملوث رہے ہیں۔

تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے آخری چار افراد بھی بحفاظت رہا

۔     تھائی لینڈ میں ایک سیلابی غار میں پھنسے ہوئے آخری چار لڑکوں کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ روزنامہ ہندو کے مطابق 12 افراد پرمشتمل ‘وائلڈ بورس’ ساکر ٹیم اپنے کوچ کے ساتھ 23 جون کو اس وقت غار میں پھنس گئی تھی جب وہ شیانگ رائی صوبے میں غاروں والے علاقے میں گئی تھی۔ چاروں لڑکے صحت مند ہیں، ان تمام افراد کی بحفاظت رہائی پر لوگوں نے خوشیاں منائیں، مگر ساتھ ہی بحریہ کے غوطہ خور کی موت پر افسوس کا بھی اظہار کیا گیا، جو ان لڑکوں کی رہائی کی کارروائی کے دوران موت سے ہمکنار ہوگیا تھا۔

فیفا عالمی کپ میں فرانس، بیلجیم کو ہراکر فائنل میں

فیفا عالمی کپ فٹ بال کے سیمی فائنل مقابلے میں فرانس نے بیلجیئم کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل میں  اپنی جگہ بنا لی ہے۔ روزنامہ اسٹیٹس مین نے اس حوالے سے مطلع کیا ہے کہ فرانس کو یہ کامیابی سیمئول امتیتی (Samuel Umtiti) کے ذریعے 51 منٹ میں کیے گئے گول کی بدولت حاصل ہوئی۔ فائنل میں اس کا مقابلہ انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا، جو آج رات ساڑھے گیارہ بجے لوزاہائک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔