20.08.2018 جہاں نما

کیرل سیلاب: بارش میں کمی، راحت رسانی پر توجہ مرکوز

کیرل میں سیلاب اور بارش کی تباہی کے درمیان راحت رسانی کا کام جاری ہے ۔ آج تمام اخبارات نے اس حوالے سے خبروں کو شہ سرخیوں کے تحت شائع کیا ہے ۔ روزنامہ انڈین ایکسپریس لکھتا ہے کہ راحت رسانیوں کی کارروائی کے پانچویں دن تک تقریباً 22 ہزار لوگوں کو بچایا جا چکا ہے ۔ اتوار کے دن 13 مزید اموات کی خبر ملی ہے جس کے بعد بارش ، سیلاب اور تودے کھسکنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 207 ہو چکی ہے جبکہ 13 افراد لاپتہ ہیں ۔ اخبار مزید رقمطراز ہے کہ ریاست کے بعض حصوں میں بارش کا زور کم ہوگیا ہے ۔ دہلی میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اگلے چار روز میں کوزی کوڈے کنور اور اِدُکّی  اضلاع میں زبردست بارش متوقع ہے ۔ دوسری جانب اِدُکّی، ایدامالیار(Edamalayar)، پیرنگل کتّو(Peringalkuthu) اور سبری گیری (Sabarigiri) باندھوں سے چھوڑے جانے والے پانی میں کمی کی گئی ہے اور ریاستی حکومت نے اِدُکّی اور ارنا کلم اضلاع سے ریڈ الرٹ کی وارننگ واپس لے لی ہے ۔ اخبار آگے لکھتا ہے کہ تقریباً 9 لاکھ افراد خیموں میں مقیم ہیں جن علاقوں میں پانی اتر رہا ہے وہاں اب سڑک نقل و حمل سے راحتی سازو سامان پہونچایا جا رہا ہے۔ ایک جائزہ میٹنگ میں وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ راحت رسانی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور مقامی لوگوں کے تعاون سے لوگوں کی بازآبادکاری کی جائے گی۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنرائی وجین نے اس سیلا ب کو صدی کا بدترین سیلاب قرار دیا تھا۔

 

سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی استھیاں دریائے گنگا میں نذر آب

اخبارات نے جن دیگر خبروں کو اہمیت کے ساتھ شائع کیاہے ان میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی استھیوں کو گنگا میں نذر آب کئے جانے کی خبر بھی شامل ہے۔ روزنامہ ایشین ایج نے اپنی خبر میں تحریر کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے اہل خانہ نے اتوار کے روز ہرکی پوڑی، ہری دوار میں ان استھیوں کو دریائے گنگا میں سیرایا۔ اس موقع پر فضا منتروں کے جاپ سے گونج رہی تھی۔ جیسے ہی استھیوں کا کلش پھولوں سے لدے ٹرک میں وہاں پہونچا ہزاروں کی تعداد میں لوگ اکٹھا ہو گئے ۔ بی جے پی صدر امت شاہ اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی زیر قیادت یہ قافلہ بھلّا کالج گراؤنڈ سے ہر کی پوڑی پہونچا۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے اتراکھنڈ  ہم منصب تری ویندر سنگھ راوت اور دیگر ریاستی وزراء بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اخبار آگے لکھتا ہے کہ کلش کی ایک جھلک پانے کو لوگ چھجوں اور چھتوں پر چڑھ گئے تھے اور انہوں نے ٹرک پر پھول نچاور کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے اٹل جی امر رہیں ، جب تک سورج چاند رہے گا، اٹل جی کا نام رہے گا جیسے نعرے بھی لگائے۔ جولی گرانٹ ایئر پورٹ سے ہرکی پوڑی تک خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ منگل کے روز اٹل بہاری واجپئی کی استھیوں کو لکھنؤ لایا جائے گا جہاں ان کودریائے گومتی میں سیرایا جائے گا۔ اخبار نے واضح کیا ہے کہ سن 2000 میں اٹل بہاری واجپئی کے دور میں ہی اتراکھنڈ کو ریاست کا درجہ ملا تھا انہوں نے ہی اس کے خصوصی درجے کو یقینی بنایا تھا۔

 

پاکستان میں عمران خان نے کیا نئی کابینہ کا اعلان، شاہ محمود کو وزارت خارجہ کا قلمدان

پاکستان کے نو منتخبہ وزیراعظم عمران خان نے کل اپنی 21 رکنی کابینہ کا اعلان کیا۔ جن میں سے 12 ایسے وزراء ہیں جو سابق ڈکٹیٹرپرویز مشرف کی حکومت میں اہم عہدوں پر فائز تھے۔ روزنامہ اسٹیٹس مین نے پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے ترجمان کے حوالے سے تحریر کیا ہے کہ معروف سیاستداں شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے ۔ پارٹی کے نائب صدر قریشی پی پی پی حکومت میں 2008 سے 2011 تک وزیر خارجہ رہے تھے ۔ جب 2008 میں لشکر طیبہ کے دہشت گردوں نےممبئی  پر حملہ کیا تھا اس وقت وہ نئی دہلی میں ؎موجود تھے ۔ پرویز خٹک کو وزارت دفاع اور اسد عمر کو وزارت خزانہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہیں ۔ پرویز خٹک 2018-2013 تک خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ رہے ہیں ۔ اسد عمر لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر کے بیٹے ہیں۔ یہ وہی محمد عمر ہیں جنہوں نے 1971 میں بھارت کے خلاف جنگ میں حصہ لیا تھا۔ نئی کابینہ کے ارکان کے حوالے سے اخبار آگے لکھتا ہے کہ شیخ راشد کو وزارت ریلوے کا قلمدان دیا گیا ہے ۔ جبکہ تین خاتون وزراء شیریں مزاری، زبیدہ جلال اور فہمیدہ مرزا کو کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔

 

چھ ستمبر کو دورہ ہند سے قبل ، پامپیو کریں گے اسلام آباد میں قیام ، پاکستان کی نئی حکومت سے امریکہ کا ہوگا پہلا رابطہ

روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کی عالمی صفحے پر شائع خبر کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو 6 ستمبر کو بھارت کے دورے پر آ رہے ہیں لیکن بھارت آتے وقت وہ 5 ستمبر کو اسلام آباد میں قیام  کریں گے ان کے ساتھ وزیر دفاع جیمس میٹنگ بھی ہوں گے۔ نئی دہلی میں اپنے قیام کے دوران پامپیو اور میٹس وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا سیتا رمن سے مذاکرات کریں گے جو اس سے پہلے دو بار ملتوی ہو چکے ہیں ۔ اسلام آباد میں نو منتخبہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کایہ پہلا رابطہ ہوگا جس کے دوران پاکستان کے خلاف امریکہ کے سخت رویئے کے بعد، امریکی اہلکار نئی حکومت کا نقطہ نظر جاننے کی کوشش کریں گے ۔ اخبا رنے واضح کیا ہے کہ یکم جنوری کو سال نو کے موقع پر اپنے ٹوئیٹ میں ڈونل ٹرمپ نے کہا تھا کہ گذشتہ 15 سال کے دوران پاکستان نے 33 بلین ڈالر کی امداد کے عیوض امریکہ کو سوائے فریب اور جھوٹ کے کچھ نہیں دیا تھا ہے۔ اور اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کی تھی ۔ اخبار لکھتا ہے کہ درحقیقت، پاکستان کے انتخابات سے بہت پہلے جب عمران خان کی فتح یقینی سمجھی جا رہی تھی ۔ امریکی وزارت خارجہ نے انتخابات سے قبل ، انتخابی عمل میں خامیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا جن میں انتخابی مہمات کے دوران اظہار رائے کی آزادی اور اجتماع پر پابندیاں بھی شامل تھیں ،لیکن اس ہفتے کے آخر میں پامپیو کے دورے سے قبل امریکہ نے اپنی تنقید کی شدت میں کمی لاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے نو منتخبہ وزیراعظم کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے تاکہ پاکستان اور خطے میں امن و خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے ۔ اخبار کے مطابق کہ پامپیو مشن سے اس میں مدد ملے گی اور نئی دہلی حکومت، افغانستان میں ان کے مشن اور مقاصد کی تکمیل میں تعاون کرے گی جہاں پاکستان کو اب بھی ایک کلیدی مقام  حاصل ہے ۔

 

افغانستان میں عید الاضحیٰ کے موقع پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان

‘‘عیدالاضحیٰ کے موقع پر افغان صدر نے کیا جنگ بندی کا اعلان ’’ یہ سرخی ہے روزنامہ ٹری بیون کی۔ خبر کے مطابق، افغانستان کے صدر اشرف غنی نے غزنی میں حالیہ دنوں میں شدید جنگ کے باوجود، عیدالاضحیٰ کے موقع پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے ۔ کابل میں افغانستان کے یوم آزادی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ مشروط جنگ بندی پیر سے شروع ہوگی بشرطیکہ طالبان اس کا احترام کریں۔ انہوں نے طالبان قیادت سے اپیل کی کہ وہ پائیدار اور حقیقی امن کے لئے افغان عوام کی خواہشات کا خیر مقدم کریں ۔ ایک سرکاری اہلکار کے مطابق یہ مشروط جنگ بندی تین ماہ تک جاری رہے گی۔ اخبار نے تحریر کیا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہواہے کہ آیا طالبان نے اشرف غنی کی اس اپیل کو منظور کیا ہے یا نہیں ۔

 

سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز،20 لاکھ سے زائد عازمین حج منیٰ میں خیمہ زن

روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے مطابق پوری دنیا سے آئے 20 لاکھ عازمین حج نے سعودی عرب میں کل سے مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان چھ روزہ مناسک حج کے لئے سعودی حکومت نے زبردست انتظامات کئے ہیں اور زبردست وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ اخبار مزید رقمطراز ہے کہ القاعدہ ملیٹنٹوں اوراسلامک اسٹیٹ کے مقامی گروپ کی جانب سے خطرات اور دھمکیوں کے پیش نظر لاکھوں سلامتی اہلکاروں کو  متعین کیاگیا ہے نیز سلامتی انتظامات پر کئی بلین ڈالر خرچ کئے گئے ہیں۔ اس سے کافی دن قبل سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے القاسم علاقے سے ایک سعودی باشندے کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی جس نے دھماکے خیز اشیاء اپنے جسم پر باندھ رکھی تھیں۔ اخبار لکھتا ہے کہ اس سال سعودی حکومت نے ‘‘اسمارٹ حج’’ ایپ شروع کیا ہے جو سفری منصوبوں سے لے کر طبی سہولیات تک ہر قدم پر عازمین حج کی مدد کرے گا۔

 

اٹھارہویں ایشائی کھیلوں میں بجرنگ پونیا نے دلایا بھارت کو پہلا طلائی تمغہ

جکارتہ میں 18ویں ایشیائی کھیلوں کا آغاز ہو چکا ہے اور ہندوستان کے پہلوان بجرنگ پونیا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو پہلا طلائی تمغہ دلایا۔ روزنامہ انقلاب نے اس خبر کے حوالے سے لکھا ہے کہ خود بجرنگ پونیا کے لئے بھی یہ پہلا طلائی تمغہ ہے ۔ اس سے قبل انچیون ایشیائی کھیلوں میں انہوں نے 61 کلو گرام زمرے میں نقرئی تمغہ جیتا تھا۔ اس بار انہوں نے 65 کلو گرام فری اسٹائل زمرے میں جاپان کے داچی ٹاکانی کو شکست دے کر یہ تمغہ حاصل کیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس شاندار کامیابی پر پونیا کو مبارکباد دی ۔ اپنے ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا کہ یہ جیت اس لئے بھی خاص ہے۔ اخبار مزید رقمطراز ہے کہ ہندوستانی نشانہ باز اپوروی چندیلا اور روی کمار کی جوڑی نے کل ہی 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیت کر ہندوستان کا کھاتہ کھولا دیا تھا۔