بہار حکومت کا ہجومی تشدد سے متاثرہ افراد کو فی کس ایک لاکھ روپئے دینے کا فیصلہ

بہار حکومت نے ایک اسکیم کو منظوری دی ہے جس کے تحت ہجومی تشدد سے متاثرہ افراد کو ایک لاکھ روپے کی عبوری امداد فراہم کی جائے گی اور اس کے ساتھ ہی ایسے کیسوں کی تیزی سے سماعت بھی کی جائے گی۔ کل پٹنہ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ریاستی کابینہ نے اس اسکیم کو اپنی منظوری دی۔ پرنسپل سکریٹری سنجے کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ روپے کی عبوری امداد فراہم کی جائے گی۔ یہ امداد ہجوم کے تشدد کے متاثرین کو واقعہ کے ایک مہینے کے اندر اندر فراہم کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ایسے تمام کیسوں کی سماعت تیزی سے کرنے والی عدالتوں میں کی جائے گی تاکہ مقدمہ کی کارروائی چھ مہینے کے اندر اندر مکمل ہوسکے ، اور پھر عبوری امداد سمیت ایک حتمی معاوضہ ادا کیا جاسکے۔ سکریٹری نے کہا کہ یہ فیصلہ ہجومی تشدد کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے ذریعہ جاری کئے گئے حالیہ رہنما خطوط کے مطابق کیا گیا ہے۔