سمندری طوفان تتلی اڈیشہ کے گوپال پور کے نزدیک پہنچا

سمندری طوفان تتلی آج صبح اڈیشہ میں گوپال پور کے نزدیک پہنچ گیا۔ اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں 126 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں ۔ طوفان شدت اختیار کرگیا ہے اور ا س کے زیر اثر اڈیشہ کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ گوپال پور علاقے میں کئی درخت اور بجلی کے کھمبے جڑ سے اکھڑ گئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ البتہ ابھی تک کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ دوسری جانب جنوب کو جانے والی بہت سی ٹرینیں یا تو منسوخ کردی گئی ہیں یا ان کے راستے تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ برہم پور اور گوپال پور کے درمیان سڑک رابطہ کئی جگہوں پر منقطع ہوگیا ہے۔ مختلف مقامات پر ریلوے اسٹیشنوں میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔ گنجم ضلع میں روشی کلیابنش دھرادریا میں سیلاب آنے کا امکان ہے۔ بھونیشور میں بیجو پٹنائک بین الاقوامی ہوائی اڈہ سے کچھ پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ موسمیات کے محکمے نے اڈیشہ میں 18 ضلعوں کے لئے سخت وارننگ جاری کی ہے۔ آج پورا دن اور کل تک یہ دھیرے دھیرے بنگال کی طرف مڑے گا۔ کسی بھی طرح کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کے بارے میں این ڈی آر ایف کے ڈائرکٹر جنرل سنجے کمار نے بتایا کہ اڈیشہ میں اٹھارہ ، آندھراپردیش میں چار اور مغربی بنگال میں تین ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔