حکومت دفاع کے شعبے کو مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات کررہی ہے: وزیراعظم

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دفاع کے شعبے کو مستحکم کرنے کے لئے سرکار کئی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت اس شعبے میں تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ جناب مودی اتراکھنڈ میں ہرسل کے مقام پر فوج اور آئی ٹی بی پی کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے کے بعد اظہا رخیال کررہے تھے، جو ریاست میں دور دراز کی سرحدی چوکیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے او آر او پی یعنی ایک رتبہ ایک پنشن سمیت، سابق فوجیوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئے جانے والے مختلف اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے ملک کی سیکورٹی اور عوام کے درمیان بے خوفی کا احساس پیدا کرنے کے لیے جوانوں کی ستائش کی۔ اس موقع پر  جناب مودی نے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز کی ان برفانی چوٹیوں پر ان کی فرض شناسی سے ملک کو قوت ملتی ہے اور 125 کروڑ ہندوستانیوں کا مستقبل محفوظ ہوتا ہے۔ جناب مودی نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ بھارتی فورسز کو اپنی صلاحیت اور ہنرمندی کی وجہ سے عالمی سطح پر کس طرح سراہا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کی قیام امن کارروائیوں کے لیے پوری دنیا میں بھارتی فورسز کی تعریف اور ستائش کی گئی ہے۔