تملناڈو : گج طوفان  سے اب تک تیرہ افراد ہلاک، راحتی کام جاری

تمل ناڈو میں گج طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جنگی پیمانے پر جاری ہیں اب تک تیرہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ گیارہ ہزار سے زیادہ اہلکار متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کرنے میں مصروف ہیں۔ موبائل طبی ٹیمیں بھی کام پر لگی ہوئی ہیں۔
بھارتی بحریہ نے ریاستی حکام کے لئے امدادی کاموں میں تعاون کا اعلان کیا ہے۔ پانی کے دو جہاز آئی این ایس چیٹلیٹ اور آئی این ایس چیریم امدادی کارروائی کے لئے پڈو چیری کے نزدیک کریکل کے لئے روزانہ کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم نریندرمودی نے طوفان سے پیدا صورتحال پر وزیراعلی این کے پلانی سوامی سے فون پر بات کی اور انہیں مرکز کی طرف سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔
وزیراعلی نے ہلاک ہونے والوں کے قریبی رشتےداروں  کے لئے دس لاکھ، سنگین طور پر زخمیوں کے لئے ایک لاکھ اور ہلکے پھلکے طور پر زخمی ہونے والوں کے لئے پچیس ہزار روپئے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
اسی دوران سمندری طوفان گج کمزور ہوکر وسطی کیرالہ کے راستے جنوب مشرقی بحیر ہ عرب کی طرف چلا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کیرالہ کے زیادہ تر علاقوں اور لکشدیپ میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔