چھتیس گڑھ: اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے چناؤ مہم شباب پر

چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کیلئے چناؤ مہم اتوار کی شام ختم ہورہی ہے۔ اس مرحلے میں انیس اضلاع پر محیط بہتّر حلقوں کیلئے منگل کو پولنگ ہوگی۔ بڑی سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈر ووٹروں کوراغب کرنے کیلئے چناؤمہم میں شرکت کررہے ہیں۔ وزیراعظم نریندرمودی اتوار کو مہاسمند میں انتخابی ریلی سے خطاب کررہے ہیں۔ بی جے پی صدر امت شاہ اور کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی ہفتہ کو ریاست میں انتخابی میٹنگوں سے خطاب کیاتھا۔

ہمارے نامہ نگار نے خبردی ہے کہ دوسرے مرحلے میں ایک ہزار ایک سو ایک امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاست میں چناؤ مہم اپنے شباب پر ہے، کیونکہ ریاست میں اتوار کی شام پانچ بجے تک چناؤ مہم ختم ہورہی ہے۔ بی جے پی سینئر لیڈر راج ناتھ سنگھ، اسمرتی ایرانی اوریوگی آدتیہ ناتھ ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے ریاست کے مختلف حصوں میں چناوی ریلیاں بھی منعقد کررہے ہیں۔ اپنی پارٹی کیلئے مہم چلانے والے کانگریس کے سینئر لیڈر راج ببر اور نوجوت سنگھ سدھو بھی اپنے پارٹی امیدواروں کے لئے حمایت حاصل کرنے کی خاطر ریاست میں چناوی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ دیگر پارٹیاں اپنے امیدواروں کے لئے ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑرہی ہیں۔ واضح رہے کہ  انتخابات کے پہلے مرحلے میں ماؤنوازوں سے متاثرہ اٹھارہ حلقوں میں اس ماہ کی بارہ تاریخ کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔