بھارت کا اگلی دہائی میں سات سے آٹھ فیصد  شرح ترقی برقرار رکھنے کا امکان

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ بھارت کا اگلی دہائی میں سات سے آٹھ فیصد کی اعلیٰ شرح ترقی برقرار رکھنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسالوینسی اینڈ بینکرپٹسی کوڈ جیسی تاریخی اصلاحات سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پُرکشش اور سازگار ماحول حاصل ہوا ہے۔ وزیر خزانہ کل رات ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نیویارک میں بھارتی قونصلیٹ جنرل میں آئی بی سی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کانفرنس میں وزات خزانہ کے اعلیٰ اقتصادی مشیر سنجیو سانیال‘انسالوینسی اینڈ بینکرپٹسی بورڈ آف انڈیا کے سربراہ ایم ایس ساہو‘ قونصل جنرل سندیپ چکرورتی‘ صنعتی تجزیہ کار‘ سرمایہ کار اور پالیسی ماہرین شامل تھے۔جناب جیٹلی نے کہا کہ بھارتی معیشت کے مستقبل کے امکانات کے تناظر میں آئی بی سی جس طرح منصفانہ طور سے کام کررہا ہے اس سے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں۔