ٹرمپ کا قوم سے خطاب، دیوار کیلئے 5.7ارب ڈالر کا کیا مطالبہ

صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ وہ امریکہ۔ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے پانچ اعشاریہ سات ارب ڈالر مختص کریں تاکہ بڑھتے ہوئے انسانی اور سلامتی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایک غیرقانونی تارک وطن کے ہاتھوں ایک ہند نژاد پولیس افسر کے قتل کا حوالہ بھی دیا۔ اپنے اوول دفتر سے ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا کام کاج ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کی وجہ سے بند ہے۔ انہوں نے ان ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ان کی درخواست کو مان لیں تاکہ حکومت کے کام کاج کو دوبارہ شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کی وجہ سے ملک میں جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ سرحد سے منشیات کی آمد میں بھی اضافہ ہورہا ہے جس کا امریکی سماج پر منفی اثر پڑرہا ہے۔ انہوں نے ریپبلکن پارٹی کے ان ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جنہیں شٹ ڈاؤن پر کافی تشویش ہے کیونکہ سرکاری ملازمین اس کا بری طرح شکار ہوگئے ہیں۔