ناگیشور راؤ کی تقرری پر سماعت، جسٹس سیکری نے خود کو سماعت سے الگ کیا

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اے کے سیکری نے خود کو اس معاملے کی سماعت سے الگ کرلیا ہے جس میں ناگیشور راو کو سی بی آئی  کا عبوری ڈائرکٹر بنانے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ جسٹس سیکری کی قیادت والی ایک بنچ نے اس معاملے کو ایک دوسری  بنچ کے حوالے کردیا ہے جو کل اس کی سماعت کرے گی۔ جسٹس سیکری اس اعلى با اختیار پینل میں شامل تھے جس نے سی بی آئی کے ڈائرکٹر آلوک ورما کو ہٹایا تھا۔ پچھلی سماعت کے دوران بھارت کے چیف جسٹس جسٹس رنجن گگوئی نے خود کو اس معاملے سے الگ کرلیا تھا کیونکہ وہ اس اعلى با اختیار سلیکشن کمیٹی کے ممبر ہیں جو سی بی آئی کے سربراہ کا انتخاب کرے گی۔