نیپالی طلباء و طالبات کو حکومت ہند کے وظیفے

نیپال میں ہندوستانی سفارتخانہ نے کل ہونہار نیپالی طلباء وطالبات کو 200 گولڈن جوبلی وظیفے دینے کااعلان کیا تاکہ وہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ کٹھمنڈو میں طالب علموں کو سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے نیپال کے شعبہ تعلیم کے سکریٹری کھاگا راج برل نے کہا کہ نیپال میں تعلیم کے فروغ کیلئے بھارت قابل قدر حمایت فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے وظیفوں کی وجہ سے نیپالی طلباء و طالبات نے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں۔ نیپال میں ہندوستان کے سفیر منجیوسنگھ پوری نے اپنے خطاب میں طالب علموں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے نجی اور پیشہ ورانہ مقاصد کو حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے اس اقدام سے ہند۔ نیپال تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔