737میکس طیاروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل

عالمی طیارہ ساز کمپنی بوئینگ نے پوری دنیا میں اپنے 737 میکس طیاروں کی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کو کہا ہے۔ ایتھوپیا ایئرلائن کے ہوائی جہاز کے حادثے کے پیش نظر جس میں طیارے پر سوار سبھی 157 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت، چین ، یوروپی یونین اور امریکہ سمیت کئی ملکوں کے ذریعہ اس ساخت کے ہوائی جہازوں کی پرواز پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد کمپنی کی طرف سے یہ اقدام کیا گیا ہے۔بوئینگ کے صدر سی ای او اور چیئرمین ڈینس مولین برگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کمپنی تفتیش کرنیوالوں کے ساتھ حادثے کی وجوہات کو سمجھنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے تاکہ ایسے حادثات آئندہ نہ ہوسکیں۔ بوئینگ اس سے پہلے بھی اپنے جہازوں کی پروازیں روک چکی ہے۔2013 میں بوئنگ نے اپنے 787 ڈریم لائنز جہازوں کی پروازیں رکوادی تھیں کیونکہ ان طیاروں کی بیٹریاں آگ پکڑرہی تھیں۔