جنوب ایشیائی فٹبال فیڈریشن خواتین چمپئن شپ میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے

نیپال میں آج براٹ نگر کے مقام پر پانچویں جنوب ایشیائی فٹبال فیڈریشن خواتین چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ یہ میچ بھارتی وقت کے مطابق سہ پہر پونے تین بجے شروع ہوگا۔ بھارتی خواتین اپنے گروپ میں سر فہرست رہیں۔ انہوں نے مالدیپ کو چھ۔صفر سے جبکہ سری لنکا کو پانچ۔صفر سے ہرایا تھا۔

آج کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان نیپال سری لنکا کے ساتھ کھیلے گا۔ یہ میچ صبح پونے گیارہ بجے شروع ہوگا۔ فائنل جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

جیت سے سرفراز ٹیم انڈیا چمپئن شپ میں اپنا نہ ہارنے والا ریکارڈ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔ 2010 میں جب سے یہ ٹورنامنٹ شروع ہوا ہے، بھارت کو کسی بھی کھیل میں ہار نہیں ہوئی ہے اور اس نے چاروں دفعہ کے کھیل مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 2016 میں پچھلی چمپئن شپ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو تین۔ایک سے ہراکر ٹرافی جیتی تھی۔ پچھلے سال نومبر میں، بھارت نے میانمار میں 2020 کے اولمپک کوالیفائرز مرحلے میں بنگلہ دیش کو سات۔ایک سے ہرایاتھا۔