مالدیپ جمہوری پارٹی کو پارلیمانی انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل

مالدیپ جمہوری پارٹی، ایم ڈی پی نے ہفتہ کے روز منعقد پارلیمانی انتخابات میں بڑی اکثریت سے جیت حاصل کی ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر ابراہیم محمد صالح اور سابق صدر محمدنشید کی قیادت والی پارٹی نے ستاسی رکنی پارلیمنٹ میں ساٹھ سے زیادہ نشستیں حاصل کرلی ہیں۔ پارٹی نے دارالحکومت مالے میں جیت کا جشن منایا، جس میں صدر اور حکمراں اتحاد کے وزیروں نے بھی شرکت کی۔ ایم ڈی پی نے ہفتہ کے روز منعقد انتخابات میں ستاسی میں سے پچاسی سیٹوں پر انتخاب لڑا تھا۔ اس انتخاب میں اٹہتّر فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔

سابق صدر عبداللہ یامین کی قیادت والی اپوزیشن پی پی ایم اور پی این سی نے صرف پانچ سیٹیں جیتی ہیں اور ان کے کئی اہم امیدوار اور سابق وزیر چناؤ ہارگئے ہیں۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق ایم ڈی پی کی کامیابی اس لئے بھی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ پہلی مرتبہ پارلیمنٹ میں واحد پارٹی نے اکثریت حاصل کی ہے۔ صدر ابراہیم محمد صالح نے ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف ان کی کارروائی جاری رہے گی۔ سابق صدر عبداللہ یامین کی قیادت والی اپوزیشن کو زبردست نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کی پارٹی کے کئی اہم لیڈر انتخاب ہارگئے ہیں۔ ان نتائج میں ایم ڈی پی کے لیڈر اور سابق صدر محمد نشید کو زبردست تقویت ملی ہے جنہیں سابق حکومت کے دور میں قید کیا گیا تھا اور جلاوطن کیا گیا تھا۔