بی جے پی نے چوبیس اور کانگریس نے پانچ امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کی

بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کیلئے چوبیس امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں ہریانہ کے لئے آٹھ امیدواروں، راجستھان اور اترپردیش کے لئے چار چار اورجھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش کے لئے تین تین اور اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے لئے ایک ایک امیدوار کا نام شامل ہے۔ جن ممتازلیڈروں کو ٹکٹ دئے گئے ہیں، ان میں ہریانہ میں گروگرام سے مرکزی وزیر راؤ اندرجیت سنگھ اور فریدآباد سے کرشن پال گُرجر اور مدھیہ پردیش میں گوالیار سے وویک سیجوالکر اور چھندواڑہ سے نتھّن شاہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پارٹی نے اترپردیش میں جھانسی سے انوراگ شرما اور پھول پور سے کیسری پٹیل کو اپنا امیدوار بنایا ہے جبکہ جھارکھنڈ میں کوڈرما سے انّاپورنا دیوی یادو اور باڑمیر، راجستھان سے کیلاش چودھری کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ بی جے پی نے اوڈیشہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے دو امیدواروں اور مدھیہ پردیش میں چھندواڑہ اسمبلی سیٹ اور اترپردیش میں نگاسن اسمبلی سیٹ کے ضمنی چناؤ کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنے پانچ امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی نے شتروگھن سنہا کو بہار میں پٹنہ صاحب حلقے سے میدان میں اتارا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور اداکار سے سیاستداں بنے شتروگھن سنہا ہفتہ کے روز کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔ پارٹی نے ہماچل پردیش کی ہمیرپور سیٹ سے رام لال ٹھاکر کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس نے پنجاب میں جسبیر سنگھ گِل کو کھاڈور صاحب سے، ڈاکٹر امر سنگھ کو فتح گڑھ صاحب سے، جبکہ محمدصادق کو فرید کوٹ سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔