18-04-2019 جہاں نما

راجستھان، مدھیہ پردیش اور گجرات میں شدید بارش اور آندھی طوفان، 59 افراد ہلاک، فصلیں تباہ  

۔ آج ملک کے تمام اخبارات نے عام انتخابات کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کئی ریاستوں میں آندھی، طوفان اور بارش کی وجہ سے  ہلاکتوں کی خبروں کو بھی نمایاں انداز میں شائع کیا ہے۔ روزنامہ ٹائمز آف انڈیا نے صفحۂ اول پر شائع اس خبر کے حوالے سے تحریر کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران زبردست موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے ملک کے مغربی، وسطی اور شمالی حصے آندھی طوفان کی زد میں رہے جس کی وجہ سے 59؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ بیشتر مہلوکین کا تعلق راجستھان اور مدھیہ پردیش سے ہے جبکہ گجرات میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں، آسمانی ، بجلی گرنے، برقی رو کی زد میں آنے اور پیڑ گرنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ موسلادھار بارش اور اولے گرنے سے بڑے رقبے میں کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ وزیراعظم کے دفتر نے اس غیرموسمی بارش، آندھی اور طوفان سے ہلاک ہونے والے لواحقین کے لیے وزیراعظم کے قومی راحت رسانی فنڈ سے دو لاکھ روپئے فی کس اور زخمی ہونے والے افراد کے لئے 50؍ ہزار روپئے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں، راجستھان اور مدھیہ پردیش حکومتوں نے بھی مرنے والوں کے لواحقین  کے لئے 4؍ لاکھ روپئے کی فی کس اور گجرات حکومت نے دو لاکھ روپئے فی کس معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

مسعود اظہر کے معاملے میں امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے الٹی میٹم کو چین نے کیا مسترد۔کہا؛ اس معاملے میں پیش رفت جاری ہے۔

۔ اخبارات کی دیگر اہم خبروں  میں مسعود اظہر کے تعلق سے چین کے بیان کو بھی نمایاں انداز میں شائع کیا گیا ہے۔ روزنامہ انڈین ایکسپریس لکھتا ہے کہ بدھ کے روز چین نے ان خبروں کو مسترد کردیا کہ پاکستان میں قائم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دینے کے سلسلے میں 23 ؍اپریل تک تکنیکی روکاوٹیں ہٹانے کے لیے امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے اس کو الٹی میٹم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے دعوی بھی کیا اس پیچیدہ مسئلے کے حل کے سلسلے میں پیش رفت ہورہی ہے نیز یہ کہ اس معاملے میں چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ واضح ہو کہ پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کے بعد اقوام متحدہ سلامتی کاؤنسل کی 1267 القاعدہ پابندی کمیٹی کے تحت مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت  گردمشتہر کرنے کے لیے فرانس، برطانیہ اور امریکہ نے تازہ تجویز پیش کی تھی۔ تاہم چین نے حسب معمول اس میں تکنیکی روکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔ جس کے بعد امریکہ نے فرانس اور برطانیہ کی حمایت سے اس سلسلے میں سلامتی کاؤنسل میں براہ راست تحریک پیش کردی تھی۔ ویٹو پاور سے لیس سلامتی کاؤنسل کے مستقل رکن چین نے اس تحریک کی بھی یہ کہہ کر مخالفت کی تھی کہ اس مسئلے کو 1267 کمیٹی میں ہی حل کیا جانا چاہئے۔ اخبار چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لُو۔کھانگ کے حوالے سے آگے رقمطراز ہے کہ متعلقہ ممالک، اقوام متحدہ سلامتی کاؤنسل کے ذریعے اس نئی قرار داد کو تھوپ رہے ہیں ۔ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے نیز یہ کہ حقیقت تو یہ ہے کہ بیشتر ارکان کی خواہش ہے کہ اس مسئلے کو 1267 کمیٹی میں زیرغور لایا جائے۔

اگلے ہفتے عمران خاں کا دورۂ چین ، کئی معاہدوں پر دستخط متوقع

۔ اسی اخبار کی ایک اور خبر کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خاں اگلے ہفتے چین کا دورہ کریں گے۔ اس دورے میں وہ نہ صرف چین کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے بلکہ بیجنگ میں بیلٹ اور روڈ فورم میں کلیدی خطبہ بھی دیں گے۔ اخبار چین کی وزارت خارجہ کے حوالے سے لکھتا ہے  کہ یہ دورہ 25 ؍ اپریل کو ہوگا جس کے بعد وہ کلیدی خطبہ دیں گے۔ نیز یہ کہ وہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کو چیانگ کے ساتھ باہمی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے کئی معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ اس موقعے پر وزیراعظم پاکستان کا رپوریٹ اور تجارتی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

اخبار نے واضح کیا ہے کہ چین نے بیلٹ اور روڈ پیش قدمی کے تحت پاکستان کو بنیادی ڈھانچوں کے فروغ کے لیے ساٹھ بلین ڈالر کے قرض دیئے تھے لیکن پاکستان کی  معیشت گزشتہ برس سے سنگین بحران کا شکار ہے اور اب اس نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے اعانتی پیکج کی درخواست کی ہے تاکہ وہ ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے نکل سکے۔ یہ اعانتی پیکیج چین اور سعودی عرب جیسے اس کے اتحادیوں کے ذریعہ 10؍ بلین ڈالر کے قلیل مدتی قرضہ جات کے علاوہ ہوگا۔

انڈونیشیا کے صدارتی انتخابات: صدر وی دو دو دوسری بار منتخب

۔ انڈونیشیا میں حالیہ صدارتی انتخابات میں صدر جوکووی دودو  کی دوبارہ نمایاں کامیابی کی خبروں کو آج تمام اخبارات نے نمایاں طور سے شائع کیا ہے۔ روزنامہ  ایشین ایج نے صدر وی دو دو کی اس کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے تحریر کیا ہے۔ جکارتہ میں صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق انہوں نے اپنے رقیب پرابووسبئیانٹو  کے خلاف جدیدکاری کے معاملے پر نمایاں کامیابی حاصل کرکے مزید 5 سال کے لئے ملک کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔ انڈونیشیا جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں مسلم اکثریت والا ملک ہے جس کی معیشت ترقی کی تیز راہ  پر گامزن ہے۔ پیش گوئی کے مطابق 2030 میں یہ ملک دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں کی صف میں داخل ہوجائے گا۔ وی دو دو کا دوسری مدت کے لئے انتخاب سے ملک کے دو دہائی پرانے جمہوری نظام کو اور زیادہ استحکام ملے گا۔ اس الیکشن میں انھوں نے اپنے حریف اور سوہارتو فوجی تاناشاہی کے دور میں فوج میں جنرل سُبیانتو   کو 56-54 فیصد کی تناسب سے ہرا دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2014 کے صدارتی انتخابات میں بھی وی دودو نے سبیانتو کو ہراکر فتح حاصل کی تھی۔

یمن کی جنگ میں امریکی حمایت کے خلاف تحریک پر ٹرمپ نے کیا ویٹو

۔ ‘‘ یمن کی جنگ میں امریکی حمایت کے خاتمے کے لیے تحریک کو ٹرمپ نے کیا ویٹو’’

یہ سرخی ہے روزنامہ ہندوستان ٹائمز کی خبر کی جس کو اس نے عالمی خبروں کے لیے مخصوص صفحے پر شائع کیا ہے۔ خبر کے مطابق ، امریکی صدر ڈونل ٹرمپ نے کانگریس کی اس قرارداد کو مسترد کرنے کے لیے اپنے ویٹو اختیارات کا استعمال کیا ہے جس کا مقصد یمن میں سعودی عرب کی زیرقیادت جنگ میں امریکی حمایت کا خاتمہ تھا۔ ویٹو اختیارات کے استعمال کے پس پشت ڈونل ٹرمپ نے کانگریس کے نام جو پیغام دیا ہے اخبار اس کے حوالے سے لکھتا ہے کہ یہ قرارداد غیرضروری اور اُن کے آئینی اختیارات کو کمزور کرنے کی خطرناک کوشش ہے جس سے امریکی شہریوں اور بہادر مسلح افواج کو خطرہ درپیش ہوسکتا ہے۔ نیز یہ کہ امریکہ، القاعدہ کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے علاوہ یمن کی جنگ میں براہ رست ملوث نہیں ہے بلکہ وہ سعودی عرب اتحاد کو انٹلی جنس اور لاجسٹکس پر مبنی محدود حمایت دے رہا ہے۔ اخبار کے مطابق ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اپنے ٹوئٹ میں اس ویٹو پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یمن میں جنگ سے بے حد خوفناک انسانی بحران پیدا ہوچکا ہے جس نے پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ کے قانون ساز بھی واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی وجہ سے سعودی عرب کی زیرقیادت جنگ میں امریکی حمایت کی تنقید کرتے رہے ہیں۔

اس سے قبل اس قرارداد کو ڈیموکریٹس کی زیرقیادت ایوان نمائندگان نے 175 کے مقابلے 247 ووٹوں سے منظور کیا تھا اور ریپبلکن ارکان کی زیرقیادت سینیٹ نے 46 کے مقابلے 54 ووٹوں سے اس کی منظوری دی تھی جس سے ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے خلاف واضح مخالفت کا اظہار ہوتا ہے۔ اخبار آگے رقمطراز ہے کہ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی زیرقیادت جنگ میں امریکہ اس کا ساتھ دے رہا ہے۔

عام انتخابات 2019: نمو ٹی وی کو سائلینس پیریڈ  پر کرنا ہوگا عملدرآمد، بھوپال میں پرگیہ ٹھاکر دگ وجے کے مقابلے

۔ روزنامہ اسٹیٹس مین کی خبر کے مطابق بی جے پی کی اعانت یافتہ نمو  ٹی وی ووٹنگ سے اڑتالیس گھنٹے قبل کی مدت یعنی سائیلنس پیریڈ میں انتخابات سے متعلق مواد نشر نہیں کرسکے گا۔ انتخابی کمیشن نے دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ ان عام انتخابات کے بقیہ چھ مرحلوں کے دوران اس پابندی کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ اخبار نے واضح کیا ہے کہ عوامی نمائندگی کی دفعہ 126 کے تحت کسی حلقے میں ووٹنگ سے 48 گھنٹے قبل کی مدت کے دوران سنیماٹوگراف، ٹیلی ویژن یا اسی طرح کے کسی اور ذریعے سے انتخابات سے متعلق مواد کے نشریئے پر پابندی ہوتی ہے۔ اخبار آگے رقمطراز ہے کہ کانگریس نے پول پینل میں ایک شکایت درج کرائی تھی کہ نمو ٹی وی انتخابی مہم کے دوران رائے دہندگان کی اعتدال پسندی کو متاثر کررہا ہے جس کے بعد انتخابی کمیشن نے دہلی سی ای او کو اس معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کو کہا تھا۔

اسی اخبار نے ایک اور خبر میں مطلع کیا ہے کہ مالیگاؤں بم دھماکوں کی ملزمہ پرگیہ ٹھاکر کو بھوپال لوک سبھا سیٹ کے لئے بی جے پی نے ٹکٹ دیا ہے۔ جہاں ان کا مقابلہ مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی دگ وجے سنگھ سے ہوگا۔ اس سے قبل انھوں نے بدھ کے روز بی جے پی صدر دفاتر میں پارٹی کی رکنیت اختیار کی تھی جس کے بعد پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے ان کی امیدواری کا باضابطہ اعلان کردیا تھا۔ واضح ہو کہ پرگیہ ٹھاکر ان دنوں ضمانت پر ہیں۔