سعودی عرب نے بھارتی حج کوٹےکو پونے دولاکھ سے بڑھا کر دولاکھ کیا

 

سعودی عرب نے بھارت کا حج کوٹہ پونے دو لاکھ سے بڑھاکر دو لاکھ کرنے کے لئے باضابطہ حکم جاری کردیا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے اتر پردیش، مغربی بنگال ، آندھرا پردیش اور بہار جیسی بڑی ریاستوں سے درخواست دینے والے سبھی عازمین حج اس سال فریضہ حج ادا کرنے کےلئے جاسکیں گے کیونکہ کوٹے میں اضافہ ہونے سے ان کی ویٹنگ لسٹ کو منظوری مل گئی ہے ۔ اس سال فروری میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم نریندرمودی کے ساتھ ملاقات میں یہ اعلان کیا تھا کہ بھارت کے حج کوٹے میں پچیس ہزار کا اضافہ کرکے اسے دولاکھ کیا جائے گا۔ پچھلے لگاتار تین برسوں میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سال ریکارڈ تعداد میں بھارت کے دو لاکھ مسلمان سبسڈی کے بغیر فریضہ حج ادا کریں گے ۔ دو ہزار تین سو چالیس بھارتی مسلم خواتین،  محرم یعنی کسی مرد سرپرست کے بغیر حج ادا کرسکیں گی ۔