لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے چناؤ مہم کا آخری دن، ووٹنگ تیئس اپریل کو

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے چناؤ مہم اتوار کی شام ختم ہورہی ہے۔ اِس مرحلے میں تیرہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں کے ایک سو سولہ حلقوں میں منگل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے اعلیٰ لیڈر ووٹروں کو لبھانے کیلئے آخری کوششیں کررہے ہیں۔

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو اترپردیش، بہار اور مغربی بنگال میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔ بہار کے فاربس گنج میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ اگر این ڈی اے حکومت پھر سے اقتدار میں آتی ہے تو بدعنوانی، وارثت کی سیاست، غریبوں کے نام پر لوٹ اور ذات پات اور مذہب کی سیاست ختم ہوجائے گی۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے پارٹی لیڈر بی ایس یدی یورپا اور ایس ایم کرشنا کے ساتھ کرناٹک کے بھدراوتی میں روڈشو کیا جبکہ کانگریس کے سدا رمیا نے مختلف مقامات پر ریلیوں سے خطاب کیا۔

کانگریس صدر راہل گاندھی نے چھتیس گڑھ اور بہار میں چناؤ مہم میں حصہ لیا۔ چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جناب گاندھی نے کہاکہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ غریبی کے خلاف سرجیکل اسٹرائک کرے گی۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کیرالہ کے وائناڈ میں انتخابی مہم میں شرکت کی جہاں سے جناب راہل گاندھی انتخاب لڑ رہے ہیں۔

بہار میں جے ڈی یو صدر اور وزیراعلیٰ نتیش کمار نے سپول اور مدھے پورہ میں انتخابی میٹنگیں کیں۔ جبکہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، بی ایس پی سربراہ مایاوتی اور آر ایل ڈی کے صدر اجیت سنگھ نے رامپور اور فیروز آباد میں مشترکہ ریلیوں سے خطاب کیا۔

انتخابات کے تیسرے مرحلے میں گجرات کی تمام چھبیس سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ کیرالہ کی بیس سیٹوں کیلئے، مہاراشٹر اور کرناٹک کی چودہ- چودہ، اترپردیش کی دس، چھتیس گڑھ کی سات، اوڈیشہ کی چھ، بہار اور مغربی بنگال کی پانچ- پانچ، آسام کی چار، گوا کی دو اور جموں کشمیر، دادر اور نگرحویلی، دمن اور دیو اور تریپورہ کی ایک ایک سیٹ کیلئے پولنگ ہوگی۔