19.09.2019 جہاں نما

سعودی عرب نے کی ڈرون اور میزائلوں کی نمائش، ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت کیں پابندیاں

۔ سعودی عرب نے بدھ کے روز ان ڈرونوں اور میزائلوں کے ٹکڑوں کی نمائش کی جو آرامکو کی تنصیبات پر داغے گئے تھے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک اخباری کانفرنس کو بتایا کہ یہ حملے بلا شبہ ایران کی جانب سے کئے گئے تھے۔ اس خبر کو تمام اخبارات نے نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔ اس خبر کے حوالے سے اخبار تحریر کرتا ہے کہ کرنل المالکی نے بتایا کہ یہ حملے شمال کی جانب سے کئے گئے تھے جن کے پیچھے بلا شبہ ایران کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروز میزائلوں کے علاوہ ایران کے یو اے وی ڈرون کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیل کی تنصیبات پر حملوں میں کل 25ڈرون اور میزائلوں کا استعمال کیا گیا یہ یمن کی جانب سے نہیں بلکہ ایران سے آئے تھے ۔ سعودی عرب کے اس اعلان کے بعد صدر ڈونل ٹرمپ نے ایران کے خلاف پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹوئیٹر پوسٹ میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان تو کیا لیکن تفصیلات نہیں بتائیں۔ بلکہ انہوں نے وہی پرانی بات دہرائی کہ سنیچر کے روز ہونے والے حملوں میں ایران کا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے لکھا کہ وزیر خزانہ کو ایران کے خلاف پابندیاں مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اسی دوران تہران نے ایک بار پھر ان الزامات کی تردید کی ہے کہ سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملوں میں وہ ملوث ہے۔ 

۔ عام انتخابات میں نتن یاہو اکثریت حاصل کرنے میں ناکام 

۔ اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات میں وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کی قدآمت پسند جماعت اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس خبر کو تمام اخبارات نے جلی سرخیوں کے ساتھ شائع کیا ہے۔ اس خبر کے حوالے سے روزنامہ ٹائمز آف انڈیا لکھتا ہے کہ انتخابات کے نتائج کے مطابق نتن یاہو کی لیکود  پارٹی کو 31جبکہ اہم اپوزیشن پارٹی بلیو اینڈ وہائٹ کو 32سیٹیں ملی ہیں۔ اسرائیل میں گذشتہ پانچ مہینوں میں یہ دوسری بار عام انتخابات ہوئے ہیں۔ اپریل میں ہونے والے انتخابات میں بھی نتن یاہو کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی جس کے باعث دوبارہ انتخابات کرانے پڑے۔ مرکزی انتخابی کمیٹی نے کہا کہ 90 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد ایسا لگتا ہے کہ بینی گنیزکی بلو اینڈ وہائٹ پارٹی لیکود پارٹی سے سبقت حاصل کر رہی ہے۔ انتخابی کمیٹی کے مطابق 120ارکان والی پارلیمنٹ میں بائیں بازو اور اعتدال پسند گروپ کو 56 جبکہ دائیں بازو کے نتن یاہو بلاک کو 55 نشستیں ملی ہیں۔ اسی دوران نتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کے پیش نظر وزیراعظم آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کرنے کیلئے نیویارک نہیں جائیں گے۔ دفتر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نتن یاہو کی جگہ وزیرخارجہ اسرائیل کاٹنرجنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ادھر بینی گنیزنے لیکود کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دینے کے امکانات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کسی ایسی حکومت میں شامل نہیں ہوگی جس میں نتن یاہو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے الزامات ہیں اس لئے وہ ایسے شخص کو حکومت میں نہیں دیکھنا چاہتے ۔ تاہم اسرائیلی وزیراعظم نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ 

۔ وزیراعظم کی امریکہ جانے والی پرواز کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند

۔ پاکستان نے وی وی آئی پی ایئر انڈیا ون کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے جس کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی کو امریکہ جانا ہے۔ اس سے پہلے اسلام آباد نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی فلائٹ کو بھی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا جسکے ذریعے انہیں آئس لینڈ جانا تھا۔ جناب مودی کو اس ماہ کی 21 تاریخ کو ٹیکساس کے شہر ہاوسٹن میں ہند نژاد امریکی شہریوں سے خطاب کرنے کیلئے امریکہ جانا ہے۔ 22ستمبر کو ہونے والے اس پروگرام میں صدر ڈونل ٹرمپ بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ پاکستان کے انکار کے بعد اب یہ طیارہ بحر عرب پر پرواز کرتے ہوئے امریکہ جائے گا اور درمیان میں ایندھن بھرانے کیلئے وہ فرینک فرٹ میں رک سکتا ہے۔ اسلام آباد کے اس فیصلے پر نئی دہلی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے فیصلے پر ہم افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان کی جگہ کوئی اور ملک ہوتا تو شاید ایسا نہیں ہوتا۔ بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد نے اپنے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہ دے کر مقررہ بین الاقوامی ضابطے سے انحراف کیا ہے۔ اسی دوران یوروپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ ریزرڈ زارنیکی اور فیلور مارتوسیلونے کشمیر کے معاملے پر بھارت کی حمایت کی ہے اور دہشت گردوں کو پناہ دینے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آل انڈیا ریڈیو کے مطابق یوروپی پارلیمنٹ کے مکمل اجلاس میں خصوصی بحث کے دوران زارنیکی نے بھارت کو دنیا کی سب سے عظیم جمہوریت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوروپی یونین کی پارلیمنٹ کو جموں و کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے اور یہ دہشت گرد وہاں کوئی آسمان سے نہیں اترتے بلکہ پڑوسی ملک سے وہاں آتے ہیں۔ جناب زارنیکی نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرنے پر پاکستان کی سخت نکتہ چینی کی۔ 

۔ امریکہ کے ساتھ بات چیت کے دروازے ابھی بھی کھلے، طالبان کا بیان

۔ طالبان نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ دوبارہ بات چیت شروع کرنے کیلئے اسکے دروازے کھلے ہیں۔ اس خبر کو تمام اخبارات نے جلی سرخیوں کے ساتھ شائع کیاہے۔ اس خبر کے حوالے سے روزنامہ ٹائمز آف انڈیا لکھتا ہے کہ طالبان کے اہم مصالحت کار شیر محمد عباس استنکزئی نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران امریکیوں نے بھی طالبان کے ہزاروں لوگوں کو ہلاک کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ اسلئے اگر بات چیت کے دوران ان کے لوگ افغانستان میں لڑتے رہے ہیں تو اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہمارا تعلق ہے تو بات چیت کے لئے ہمارے دروازے ابھی بھی کھلے ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے طالبان کے ہاتھوں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کا حوالہ دے کر دوحہ میں جاری بات چیت منسوخ کردی تھی۔ ادھر جلال آباد میں بدھ کے روز ایک خودکش حملے کے بعد بندوق برداروں نے ایک سرکاری عمارت پر حملہ کر کے کم از کم چار افرادکو ہلاک اور متعدد لوگوں کو زخمی کر دیا۔ صوبائی ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ پہلے خود کش حملہ آور نے خود کو بم سے اڑالیا اس کے بعد حملہ آوروں نے اس کی آڑ میں عمارت پر حملہ کردیا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا کہ سکیورٹی فورسیز اور حملہ آوروں کے درمیان تصادم میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

 

انڈونیشیا میں جنگل کی آگ سے پھیلی فضائی آلودگی، اسکول اور ہوائی اڈے بند 

۔ انڈونیشیا کے جنگلوں میں لگی آگ سے پیدا ہونے والی زہریلی دھند کے سبب بدھ کے روز تمام ملک اور پڑوسی ملیشیاء کے سبھی اسکول اورمتعدد ہوائی اڈے بند کردیئے گئے۔ اس خبر کے حوالے سے روزنامہ دی اسٹیٹس میں تحریر کرتا ہے کہ اس دھند کا سنگاپور میں بھی ہوا کی کوالٹی پر منفی اثر پڑا۔ انڈونیشیا کے سوماترا اور بورنیوجزیروں پر زراعت کے لئے زمین حاصل کرنے کی غرض سے جنگلوں میں غیر قانونی طور پر آگ لگا دی گئی ہے جس پر کنٹرول کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ آگ پر قابو پانے کیلئے انڈونیشیا نے سکیورٹی فورسیز کے ہزاروں لوگوں کو تعینات کیا ہے۔ بدھ کو دھند سے ملیشیا کے بہت سے حصوں میں فضائی آلودگی پھیل گئی ۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے تقریباً 1500 اسکولوں کو بند کر دیا گیا۔ آلودگی کے باعث لوگوں کی صحت پر بھی اثر پڑنے لگا اور اسپتالوں میں بھیڑ بڑھنے لگی۔ انڈونیشیا کے حکام نے کہا کہ سوماترا کے ریاووصوبے میں سینکڑوں اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔ بورنیومیں دھند کی وجہ سے سات ہوائی اڈوں کو بند کردیا گیا۔ بہت سی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں یا ان کے راستوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ 

اور کشتی کی عالمی چیمپئن شپ میں ونیش نے جیتا کانسہ کا تمغہ، بنائی اولمپکس میں جگہ 

۔ قزاقستان کے شہر نورسلطان میں کشتی کی عالمی چیمپئن شپ میں ونیش پھوگاٹ نے 53کلو گرام وزن کے زمرے میں کانسہ کا تمغہ جیت کر ٹوکیو اولمپکس کیلئے جگہ بنا لی ہے۔ اس خبر کو تمام اخبارات نے اپنے اسپورٹس پیج پر نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔ اس خبر کے حوالے سے روزنامہ دی ٹائمز آف انڈیا تحریر کرتا ہے کہ ونیش نے عالمی چیمپئن شپ میں دوبار کانسے کا تمغہ جیتنے والی یونان کی ماریا پری وولارکی کو ایک کے مقابلے 4پوائنٹ سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی انہوں نے ٹوکیو میں آئندہ برس ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں بھی اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ وہ ہندوستان کی پہلی پہلوان ہیں جنہوں نے اولمپکس میں شرکت کرنے کیلئے اپنی جگہ بنائی ہے۔ اس جیت سے پہلے انہوں نے عالمی نمبر ایک اور گذشتہ برس چاندی کا تمغہ جیتنے والی امریکہ کی سارہ این ہلڈے برینٹ کو دو کے مقابلے 8 پوائنٹس سے اور یوکرین کی یولیا فلواوزی کو صفر کے مقابلے 5 پوائنٹس سے شکست دی تھی۔ اپنی جیت کے بعد ونیش نے کہا کہ یہ انکا عالمی چیمپئن شپ میں پہلا تمغہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک انہوں نے سخت محنت کی۔ انہوں نے اپنی وزن کی کٹیگری کو بدلا اور تب جا کر انہیں یہ تمغہ حاصل ہوا۔ ونیش نے کہا کہ انہوں نے اپنے ملک کیلئے اولمپکس کا کوٹا بھی حاصل کر لیا ہے جو بڑے فخر کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمغہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا تمغہ ہے۔