12.12.2019

طویل بحث کے بعد شہریت ترمیمی بل منظورراجیہ سبھا میں بھی منظور

۔ شہریت ترمیمی بل کو کل راجیہ سبھا میں منظوری کے ساتھ ہی یہ بل پارلیمنٹ سے پاس ہو گیا ہے۔ روزنامہ ہندو کی رپورٹ کے مطابق راجیہ سبھا میں شہریت ترمیمی بل 2019 کے حق میں  125 ووٹ پڑے جبکہ 99 ارکان نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ ایوان میں موجودہ ارکان کی تعداد 240 ہے۔

اس بل سے شہریت قانو ن 1955 میں ترمیم ہوگی اور پہلی مرتبہ افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سے آئی غیر مسلم برادریوں کو مذہب کی بنیاد پر شہریت دی جائے گی۔البتہ غیر قانونی طور پر آنے والے ان مہاجرین کے لئے شرط یہ ہے کہ وہ 31 دسمبر 2014 سے پہلے بھارت آئے ہوں۔ بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اس بل میں کسی کی بھی شہریت ختم کرنے کا التزام نہیں ہے بلکہ یہ مہاجرین کو شہریت فراہم کرنے کے لئے پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کو کسی بھی طرح سےخوفزدہ یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان اپنی مسلم آبادی کو مکمل احترام فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ  بل مسلمانوں کے خلاف امتیازی نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کبھی بھی مسلم مکت یا مسلمانوں سے پاک نہیں ہو سکتا۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ انہیں شمال مشرقی ریاستوں کے عوام کی تشویش کا احساس ہے اور انہوں نے بل میں ان کی تشویش دو رکرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ جناب شاہ نے واضح کیا کہ اس ترمیمی بل کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں لوگوں کو فائدہ ہوگا جو بغیر شہریت کے ہندوستان میں پریشانیاں جھیل رہے ہیں۔ 

 پاکستانی عدالت نے حافظ سعید کو دہشت گردی کی فنڈنگ کے الزام میں ماخوذ کیا

۔ روزنامہ انڈین ایکسپریس نے پاکستان میں عدالت کے ذریعے ممبئی کے دہشت گردانہ حملے کے سرغنہ حافظ سعید کو دہشت گردی کے لئے رقم فراہم کرنے کے الزام میں ماخوذ کئے جانے کی خبر کو عالمی خبروں کے صفحہ پر شہ سرخی بنایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے حافظ سعید اور اس کے تین اہم ساتھی حافظ عبدالسلام بن محمد ، محمد اشرف اور ظفر اقبال کو بھی حافظ سعید کے ساتھ دہشت گردی کی فنڈنگ کے الزام میں ماخوذ کیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بُھٹّا نے استغاثہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ آج گواہوں کو عدالت میں پیش کرے۔ 69 سالہ حافظ سعید اور دیگر ملزموں کو بدھ کے روز سخت سیکورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اخبار نے پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا ہے کہ سعید اور اس کے ساتھیوں کے وکیلوں نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں اس جرم میں ماخوذ نہ کیا جائے ۔ البتہ پنجاب کے ڈپٹی پروزیکیوٹر جنرل عبدالرؤف نے فرد جرم عائد کرنے کیلئے دلائل پیش کئے اور کہا کہ سعید اور دیگر ملزم ، دہشت گردوں کو رقم فراہم کرنے میں ملوث ہیں اور پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی محکمے نے ان کے خلاف شواہد پیش کئے ہیں۔سعید کے خلاف سماعت کے دوران پچھلی مرتبہ  کی طرح اس مرتبہ بھی صحافیوں کو عدالت میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

رپورٹ کے مطابق پاکستان پر اپنی سرزمین میں سرگرم دہشت گرد گروپوں پر لگام لگانے کے لئے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کے دوران یہ  عدالتی کارروائی کی گئی ہے۔ اکتوبر میں مالی ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ اگر اس نے فروری تک دہشت گردی کے لئے فنڈنگ کو روکنے کے اقدامات نہیں کئے تو اسے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ دہشت گردی کی مالی معاونت کی نگرانی کرنے والے پیرس میں قائم بین الاقوامی ادارے نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں شامل کرتے ہوئے اسے خبردار کیا تھا کہ  فروری 2020 تک اسے اپنی کارکردگی ثابت کرنی چاہئے۔ انسداد دہشت گردی پولیس نے پنجاب صوبے میں 17 جولائی کو سعید اور اس کے ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی کے لئے رقم فراہم کرنے سمیت مختلف الزامات میں 23 ایف آئی آر درج کی تھیں اور اسے گرفتار کر لیا تھا۔ 

اس دوران راشٹریہ سہارا کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ پولیس عہدیدار کو امریکہ نے انسانی حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ پاکستان کے سابق پولیس افسر راؤ انوار کو انسانی حقوق پامال کرنے والے افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکی عہدیدار نے بتایا کہ انہیں متعدد شہریوں کی ماورائے عدالت ہلاکتوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ 

برطانیہ میں عام انتخابات کے لئے ووٹنگ آج

۔ برطانیہ میں آج عام انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ روزنامہ ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن آج کے انتخابات جیتنے کی پوری کوشش کر رہےہیں تاکہ وہ اگلے مہینے ملک کو یورپی یونین سے آسانی سے علیحدہ کر سکیں۔ بریگزٹ کے پیش نظر 12 دسمبر کے انتخابات کو زیادہ تر پارٹیاں برطانیہ کی تاریخ میں سب سے اہم انتخاب قرار دے رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیبر پارٹی نے بریگزٹ معاملے پر ایک نیا ریفرنڈم کرانے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے سڑک اور ریل ٹرانسپورٹ جیسی مختلف افادیتی اکائیوں کو پھر سے قومیانے کا  بھی وعدہ کیا ہے۔ 

یوگو نے ، جس نے 2 سال پہلے کے انتخابات کے نتائج کا انتہائی درست جائزہ پیش کیا تھا ، اس مرتبہ وزیراعظم جانسن کے لئے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے کی پیشگوئی کی ہے۔ البتہ مختلف جائزوں میں جناب جانسن کو زبردست اکثریت کے ساتھ جیت ہونے کے علاوہ معلق پارلیمنٹ ہونے تک کی پیشگوئیاں کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب بورس جانسن کے حریف لیبر پارٹی کے جناب کوربِن نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مایوسی اور تفریق کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے انصاف اور برابری کے لئے ووٹ دیں۔ یو گو نے اپنے جائزے میں کہا ہے کہ 650 رکنی دارالعوام میں جناب جانسن کی کنزرویٹیو پارٹی کو 339 سیٹیں ملنے کی امید ہے، جبکہ اس نے  لیبر پارٹی کو 231 سیٹیں حاصل ہونے کا اندازہ لگایا ہے۔  

ریکہ نے 2020 کے صدارتی انتخاب میں مداخلت کے لئے روس کو متنبہ کیا 

۔ روزنامہ ٹریبیون کی ایک خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو خبر دار کیا ہے کہ وہ 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی کوشش نہ کرے۔ اس کے ساتھ ہی ماسکو پر یہ بھی زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ اپنے تنازعہ کو حل کرے۔ امریکہ کے انصاف کے محکمے کے نگراں ادارے کے اس بیان کے ایک دن بعد جناب ٹرمپ کی طرف سے روس کو یہ تنبیہ کی گئی ہے۔ نگراں ادارے نے کہا تھا کہ ایف بی آئی جناب ٹرمپ کے صدارتی انتخاب کی مہم اور روس کے درمیان تحقیقات کرنے کا پورا جواز رکھتی ہے۔ وہائٹ ہاؤس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکی انتخابات میں مداخلت کے خلاف روس کو خبر دار کرتے ہوئے اس پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ اپنے تنازعے کو حل کرے۔ انہوں نے یہ بات روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کے ساتھ اوول آفس میں منگل کو ہوئی اپنی میٹنگ میں کہی۔ 

 بین الاقوامی عدالت انصاف میں آنگ سانگ سوچی نے روہنگیا نسل کشی کے الزامات کو کیا مسترد 

۔ میانما کی لیڈر آنگ سانگ سوچی کو اقوام متحدہ کی عالمی عدالت میں پیش کئےجانے کی خبریں بھی آج سے سبھی اخباروں میں نمایاں ہیں۔ روزنامہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق میانما کی اسٹیٹ کونسلر آنگ سانگ سوچی نے اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت میں اپنے ملک میں مسلمان روہنگیا اقلیتوں کے خلاف نسل کشی کے الزامات نا مکمل اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا کہ اس معاملہ کی اقوام متحدہ کی عدالت میں سماعت کئے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بین الاقوامی عدالت انصاف میں تین روزہ سماعت کے دوران محترمہ سوچی نے گامبیا کی جانب سے دائر کئے گئے مقدمے میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔ گامبیا نے میانما کے خلاف 1948 کی نسل کشی کی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔ محترمہ سوچی نے کہا کہ گامبیا نے میانما کی رخائن اسٹیٹ سے متعلق نا مکمل اور گمراہ کن تصویر پیش کی ہے جو حقائق سے دور ہے۔ اگست 2017 میں رخائن کی مسلم روہنگیا آبادی کے خلاف میانما کی فوج نے سخت ترین کارروائی کی تھی جس کی  وجہ سے تقریباً ساڑھے سات لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو ملک چھوڑ کر بنگلہ دیش میں پناہ لینی پڑی تھی۔ 

 ہم ایران کو نیوکلیائی ہتھیار بنانے سے روکیں گے: اسرائیل کا دعویٰ 

۔ روزنامہ انقلاب کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔ جناب کاٹز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کو کسی قیمت پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو ایران کے خلاف فوجی کارروائی بھی کریں گے تاکہ وہ ایٹمی طاقت نہ بن سکے۔ صہیونی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نہتے مظاہرین کی طرح بے بس نہیں ہے۔ اس سے پہلے اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے بھی یوروپی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات ختم کریں۔ان کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے جوہری معاہدے کی شرائط سے دست برداری کے تیسرے مرحلے  کے بعد تہران کے ساتھ بات چیت کا کوئی جواز نہیں ہے۔