12.02.2020

۔ اسلامک اسٹیٹ کی جنوب ایشیائی شاخ افغانستان کے پڑوسی ممالک کی سلامتی کے لئے خطرہ

۔ اقوام متحدہ نے اسلامک اسٹیٹ گروپ کی جنوب ایشیائی شاخ کو افغانستان اور اس کے پڑوسی ملکوں کے سلامتی کے لئے سنگین خطرہ بتایا ہے۔ اسی سے متعلق روزنامہ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق عراق اور خراسان میں اسلامک اسٹیٹ گروپ کے دہشت گردوں کو سال 2019 کے آخر تک افغانستان کے سلامتی دستوں اور طالبان جنگجوؤں کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا شدید دباؤ رہا ہے۔ اسی کے سبب اسے صوبہ ننگرہار کے اپنے افغان ہیڈ کوارٹر سے بے دخل ہونا پڑا ہے۔ اخبار آگے رقمطراز ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کے جنوب ایشیائی گروپ نے تحریک طالبان پاکستان اور اس طرح کی دیگر ہم خیال جنگجو تنظیموں کے ساتھ روابط قائم کرنے شروع کردیئے ہیں جس سے افغانستان کے پڑوسی ملکوں کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ اخبار آگے تحریر کرتا ہے کہ آئی ایس آئی ایل۔ کے کو 10 جنوری 2015 کو تحریک طالبان پاکستان / ٹی ٹی پی کے سابق کمانڈر نے قائم کیا تھا۔ واضح رہے کہ اس گروپ نے اب تک افغانستان اور پاکستان دونوں ممالک میں متعدد حملوں کو انجام دینے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق عالمی امن و سلامتی کے لئے داعش سے خطرات اور ان خطرات کا سامنا کرنے کے لئے ممبر ممالک کی حمایت کے لئے کئے گئے اقدامات سے متعلق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کی دسویں رپورٹ تیار کی گئی ہے جن کے تحت افغان حکام نے 1400 افراد کو حراست میں لیا ہے، جن میں بڑی تعداد داعش کے جنگجوؤں اور ان کے حامیوں کی ہے۔

۔ فلسطین نے امریکہ کے امن منصوبے کو مسترد کیا

۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے مشرق وسطیٰ کی امن تجویز کو اسرائیل کے لئے امریکہ کی جانب سے تخفہ قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کردیا ہے۔ اسی سے متعلق روزنامہ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق محمود عباس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش ہوتے ہوئے اس امن پلان پر شدید ناراضگی ظاہر کی۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امریکہ کے ذریعہ تیار کئے گئے نقشے کی کاپی کو ہوا میں لہراتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ امتیاز کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اخبار مزید تحریر کرتا ہے کہ محمد عباس کی اس اجلاس میں شرکت سے یہ فائدہ ہوا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کا ایک مسودہ ممبر ممالک میں تقسیم کیا گیا جس میں اسرائیل کے ذریعے اپنی بستیوں کی مغربی کنارے تک توسیع کی مذمت کی گئی ہے۔ اس اجلاس میں فلسطین کی حمایت میں  تیونسیا اور انڈونیشیا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس کے بعد ان کے خلاف امریکی کارروائی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ اخبار آگے رقمطراز ہے کہ محمود عباس نے اس سلسلے میں امن تجاویز پر اپنا موقف واضح کرنے کے لئے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ سے رابطہ قائم کیا ہے اور امریکہ کے امن منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان 1967 کی سرحدی صورتحال کو مرکز بناکر باہمی میٹنگ منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

۔ چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی

۔ چین میں کورونا وائرس کی حالت دن بہ دن بدتر ہوتی جارہی ہے، جہاں اس کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس سے متاثرہ معاملے بڑھ کر 42708 ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں روزنامہ پائنیر رقمطراز ہے کہ جہاں ایک جانب اس کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے عالمی پیمانے پر زبردست مساعی جاری ہیں وہیں چین  میں کورونا وائرس کے تدارکی اقدامات کے لئے عالمی صحت تنظیم / ڈبلیو ایچ او کی ماہرین کی ایک ٹیم مقامی رضا کاروں کی حمایت کے لئے موجود ہے۔ اس وبا کی پھیلنے کی شدت میں کمی کے لئے جنیوا میں ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں اس کورونا وائرس کی درست جانچ، تشخیض، ادویات اور ٹیکے کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس وائرس نے بہت تیزی کے ساتھ 20 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ اخبار مزید تحریر کرتا ہے کہ عالمی صحت تنظیم کی ماہرین کی 15 رکنی ٹیم نے پیر کی شب سے ہی چین میں اپنا کام شروع کردیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی ماہرین پر مشتمل ٹیم چین کے ماہرین کے ساتھ کورونا وائرس کے جڑ سے خاتمے کے لئے مل کر کام کرے گی۔ اس سلسلے میں چینی حکام نے ڈبلیو ایچ او ٹیم کا استقبال کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اس محاذ پر باہمی صلاح و مشورہ سے کوئی نہ کوئی قابل قبول حل نکل آئے گا۔

۔ کابل کی ملٹری اکیڈمی پر خودکش حملہ، چھ ہلاک

۔ افغانستان میں جہاں ایک جانب پائیدار امن کے قیام کے لئے کوششیں جاری ہیں وہیں دوسری جانب امن کے عمل میں رخنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ اس سلسلے میں رونامہ ایشین ایج کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان کی راجدھانی کابل کی ایک ملٹری اکیڈمی میں ایک خودکش حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔ اس معاملے کی ابھی کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس کے لئے طالبان اور اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں پر شک ظاہر کیا جارہا ہے جو مستقبل بنیاد پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ اخبار افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے حوالے سے مزید تحریر کرتا ہے کہ اس حملے میں دیگر 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں پانچ شہری بھی شامل ہیں۔ مغربی کابل کے نواحی علاقے میں واقع اس اکیڈمی میں گزشتہ برس بھی حملہ ہوا تھا۔ سال 2013 میں ملک کے سابق مرحوم نائب صدر اور ملٹری کمانڈر محمد فہیم کے نام پر قائم کی جانے والی اس اکیڈمی کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری برطانوی فوج کے سپرد تھی۔ اخبار کا مزید کہنا ہے کہ طالبان نے افغانستان میں آدھے سے زیادہ مقامات پر قبضہ کرلیا ہے۔ امریکہ کے ذریعہ سال 2001 کے حملے کے بعد سے طالبان نے اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ کیا ہے۔

۔ حافظ سعید کے خلاف دہشت گردی کے تمام چھ معاملے ایک ساتھ کرنے کو منظوری

۔ پاکستان کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے ممنوعہ جماعت الدعوۃ کے صدر اور ممبئی کے سال 2008 کے دہشت گردانہ حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کے خلاف تمام چھ معاملوں کی ایک ساتھ سماعت اور ایک ساتھ فیصلے کے پیش نظر درخواست کو منظور کرلیا ہے۔ اسی سے متعلق روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق حافظ سعید کے خلاف لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چھ مختلف معاملات زیر سماعت ہیں۔ اس عدالت نے 6 فروری کو دیگر دو معاملوں میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ اخبار ان معاملے کے وکیل استغاثہ عبدالرؤف واٹو کے حوالے سے مزید کہتا ہے کہ دیگر چار معاملوں میں گواہی اور شہادت کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مالی اعانت سے متعلق ان دونوں معاملوں کے فیصلے کو دیگر چاروں معاملوں کی تکمیل پر ہی کیا جائے گا۔

۔ رہنگیا مہاجرین کی کشتی خلیج بنگال میں غرقاب

۔ روہنگیا مہاجرین کی باز آباد کاری کے لئے کوششوں کے دوران روہنگیا مہاجرین پر دیگر قدرتی آفات کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین معاملے میں خلیج بنگال میں ایک بڑی کشتی ڈوبنے سے درجنوں روہنگیا مہاجرین لاپتہ ہوگئے ہیں جبکہ 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اس کشتی پر 130 روہنگیا مہاجرین سوار تھے۔ روزنامہ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق روہنگیا مہاجرین ایک بہتر جگہ کی تلاش میں ملیشیا کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ بنگلہ دیش کے کوکس بازار میں واقع کیمپ سے 130 روہنگیا مہاجرین کشتی میں سوار ہوگئے جس میں صرف 50 افراد کی ہی گنجائش تھی۔ بنگلہ دیش کی بحریہ نے اپنے جنوب مشرقی خطے میں واقع سینٹ مارٹن آئرلینڈ میں بچاؤ اور راحت کاری شروع کردی ہے، بحریہ کی دو بڑی کشتیوں اور کوسٹ گارڈ کے دو جہازوں کی مدد سے 46 خواتین، 24 مرد اور تین بچوں کو بچالیا گیا ہے۔ اخبار آگے مزید تحریر کرتا ہے کہ میانمار کی فوج کی سال 2017 میں کارروائی کے بعد میانمار سے 730000 روہنگیا مسلمانوں نے اپنے ملک سے راہ فرار اختیار کی اور مختلف ملکوں میں ہجرت کی تھی۔

۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا دورہ ہند 24 اور 25 فروری کو

۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ 24 اور 25 فروری کو ہندوستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ روزنامہ ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا  ٹرمپ کے ساتھ نئی دہلی اور احمد آباد کا دورہ کریں گے۔ امریکی ایوان صدر وہائٹ ہاؤس کے ذرائع کے حوالے سے اخبار آگے رقمطراز ہے کہ احمد آباد کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ گجرات ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست ہے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کی زندگی میں اس کا اہم کردار رہا ہے۔ اخبار کا مزید کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے امریکی صدر اور امریکہ کی خاتون اول کے دورے کی تصدیق کی ہے۔ اپنے دورے کے دوران صدر امریکہ اور محترمہ میلانیا ٹرمپ نئی دہلی اور حمد آباد کی سرکاری تقریبات میں شرکت کریں گی۔ علاوہ ازیں مہمان صدر مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے اور دیگر رہنماؤں سے باہمی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس ضمن میں صدر ٹرمپ اور وزیراعظم مودی نے ٹیلی فون پر بھی رابطہ قائم کیا تھا۔

۔ یوروپی یونین کی برطانیہ سے بہتر تجارتی تعلقات کی اپیل

۔ یوروپی کمیشن نے برطانیہ سے باہمی تجارتی روابط کو بحال رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس ضمن میں روزنامہ اسٹیٹ مین کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوروپی کمیشن کی سربراہ ارسولا وون ڈیرلیئن نے یوروپین پارلیمنٹ کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوروپی کمیشن برطانیہ کی علاحدگی کو خندہ پیشانہ سے تسلیم کرسکتا ہے تاہم برطانیہ کو یوروپی کمیشن کے ساتھ تجارتی روابط اور تعلقات کو پہلی سطح پر استوار رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ جناب بورس جونسنس کی حکومت عالمی تجارتی تنظیم کی بنیادی شرائط کے ساتھ تجارت کے لئے تیار ہے۔

*****