15.09.2020

ہند۔چین کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کی ملاقات اس ہفتے متوقع

توقع ہے کہ ہندوستان اور چین کے اعلیٰ فوجی کمانڈر اس ہفتے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد مشرقی لداخ میں فوجی کشیدگی میں کمی کرنا ہے جہاں پینگانگ ٹسو علاقے میں حالیہ کارروائیوں کی نتیجے میں صورتحال کشیدہ ہے۔ اپنی خبر میں روزنامہ ہندوستان ٹائمس لکھتا ہے کہ اس تعطل کو ختم کرنے کے لئے کور کمانڈر سطح کی پانچ میٹنگس ہوچکی ہیں۔  خیال رہے کہ  اس سے قبل 29 اگست کی رات ہندوستانی فوج نے پینگانگ ٹسو کے جنوبی کنارے کے ہندوستانی علاقوں پر  پیوپلز لبریشن آرمی کو قبضے سے روکنے کے لئے سریع الحرکت کارروائی کی تھی اور اہم بلند مقامات پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد اعلیٰ فوجی کمانڈروں کی یہ پہلی میٹنگ ہوگی۔ اخبار حکام کے حوالے سے لکھتا ہے کہ اس ماہ کے اوائل میں ہندوستانی فوج نے  مشرقی لداخ میں پینگانگ ٹسو کے جنوبی کنارے پر اپنے زیر قبضہ اسٹریٹجک علاقوں میں اگلی صفوں کے ٹینکوں اور انفینٹری کمبیٹ وہیکلس کو تعینات کردیا تھا تاکہ پی ایل اے کی نقل و حرکت کو روکا جاسکے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی فوج نے اہم بلند علاقوں کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا تھا جہاں سے وہ پینگانگ ٹسو کے شمالی کنارے پر فنگر 4 رج لائن پر چینی فوج کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکتی ہے۔

 

امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد ہندوستان کے دورے پر

روزنامہ انڈین ایکسپریس کے مطابق، افغانستان میں قیام امن سے متعلق امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد منگل کے روز ہندوستان پہونچ رہے ہیں۔ وہ یہاں ہندوستانی حکام کو دوحہ میں اتوار کے روز شروع ہوئی بین افغان بات چیت سے آگاہ کریں گے۔ پیر کے روز انھوں نے اسلام آباد میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی تھی۔ اس سے قبل انھوں نے امسال مئی میں نئی دہلی کا دورہ کیاتھا اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر و مشیر برائے قومی سلامتی، اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی تھی۔  اخبار آگے لکھتا ہے کہ  دوحہ میں وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری برائے پاکستان، افغانستان اور ایران جے پی سنگھ نے افغانستان کے سابق سی ای او اور قیام امن عمل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے پیر کے روز ملاقات کی تھی جس کے بعد اپنے ٹوئیٹ میں مسلسل حمائت کے لئے ہندوستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئےعبداللہ عبداللہ نے اس ملاقات کو کافی عمدہ قرار دیا اور کہا کہ اس میں قیام امن کی کوششوں نیز  بات چیت کے لئےعلاقائی و بین الاقوامی حمایت کا جائزہ لیا گیا۔ روزنامہ کے مطابق، ہندوستان نے قطر میں سنیچر کے روز،  حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان بین افغان بات چیت کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔ طالبان کو بات چیت میں شامل کرنے کے لئے اس کے موقف میں محتاط اور نپی تلی تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے۔ وزیر خارجہ نے اس تقریب میں  ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی تھی۔ انھوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کا عمل، افغان قیادت ، افغان ملکیت اور افغان کنٹرول کے زیر نگیں ہونا چاہیئے نیز اس سے افغانستان کی قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی پاسداری ہونی چاہیئے اور حقوق انسانی حقوق و جمہوریت کو فروغ حاصل ہونا چاہیئے۔ افغانستان کے ہی تعلق سے روزنامہ ہندو نے تحریر کیا ہے کہ حکومت افغانستان اور امریکہ سمیت اس کے اتحادیوں نے پیر کے روز قطر میں تاریخ ساز بات چیت کے دوران طویل مدتی جنگ کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے،طالبان  پر مصالحت کے لئے زور دیا مگر طالبان نے مذاکرات کے دوران اس مصالحت کا ذکر نہیں کیا تاہم عبداللہ عبداللہ نے تجویز پیش کی کہ اپنے مزید قیدیوں کی رہائی کے عوض طالبان جنگ بندی کی پیش کش کرسکتے ہیں۔

 

جوانوں کو پہونچے پیغام، پورا ملک ان کے ساتھ

‘‘جوانوں کو پہونچے پیغام، پورا ملک ان کے ساتھ۔’’ یہ سرخی ہے روزنامہ راشٹریہ سہارا کی۔ خبر کے مطابق، چین کے ساتھ سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر سرحد پر تعینات جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز اراکین پارلیمان سے اپیل کی کہ وہ ایک عزم کے ساتھ فوجیوں کو یہ پیغام دیں کہ پورا ملک ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ پارلیمان کے بارانی اجلاس کے موقعے پر انھوں نے کہا کہ کورونا اور فرض کے دوران ایک خاص ماحول میں پارلیمان کا اجلاس شروع ہورہا ہے اور تمام ارکان نے فرض کا راستہ اختیار کیا ہے۔ اخبار وزیر اعظم کے پیغام کے حوالے سے آگے لکھتا ہے کہ چین کے ساتھ تعطل کی وجہ سے سرحد پر کمر بستہ جوانوں کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ انہیں اتحاد کا پیغام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

جاپان میں سوگا کو برسراقتدار پارٹی کی قیادت کے لئے فتح، بدھ کو ہونے والی ووٹنگ میں ان کا وزیر اعظم بنناطے

جاپان میں رخصت پذیر وزیر اعظم  شنزو آبے کے  معتمد اور چیف کابینہ سکریٹری  یوشی ہیدے سوگا کو پیر کے روز برسراقتدار پارٹی کی قیادت کے لئے واضح اکثریت کے ساتھ فتح حاصل ہوئی۔ اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق، اس فتح کے بعد آٹھ سال کے دوران، جاپان کی اعلیٰ قیادت میں  پہلی بارتبدیلی کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ شنزو آبے کی اہم پالیسیوں کو جاری رکھنے کا وعدہ کرتے ہوئے، سوگا نے کہا کہ اس عظیم فتح سے انھیں شنزو آبے کے اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ اخبار آگے لکھتا ہے کہ سوگا کو لیبرل ڈیموکریٹک پارٹی یونی ایل ڈی پی کے ارکان پارلیمان اور اس کے 47 مقامی نمائندوں کے ذریعے انتخابات میں 534 میں سے 377 ووٹ ملے۔ ان کے حریف، سابق وزیر دفاع شی گے رو، کو 68 اور سابق وزیر خارجہ فیمیو کِشیدا کو 89 ووٹ حاصل ہوئے۔ ایوان میں چونکہ ایل ڈی پی کو  اکثریت حاصل ہے اس لئے سوگا کا وزیر اعظم بننا تقریباطے ہے۔ اس کے لئے ووٹنگ بدھ کو ہوگی۔

 

کریملن کے مخالف نیولنی روبصحت، دو یوروپی تجربہ گاہوں کے ذریعے روسی نرو ایجنٹ کے استعمال کی تصدیق

روزنامہ ہندوستان ٹائمس نے برلن اسپتال کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ روس میں حزب اختلاف کے رہنما الیگزی نیولنی کافی روبصحت ہیں اور اب وہ چلنے پھرنے کے قابل ہوگئے ہیں۔ مغربی ممالک کے مطابق، ان کومبینہ طور پر نووی چوک نرو ایجنٹ زہر دیا گیا تھا۔  اسی دوران دو یوروپی تجربہ گاہوں نے تصدیق کردی ہے سوویت دور کے ملٹری گریڈ نرو ایجنٹ کا استعمال کریملن کے مخالف پر کیا گیا تھا جس کے بعد فرانسیسی صدر امینوئل میکرون نے صدر پتن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ارادۂ قتل پر روشنی ڈالیں۔ اخبار کے مطابق،  جرمنی کی تحقیقات پر روس کے شکوک و شبہات کے خلاف تنقید کرتے ہوئے، جرمن چانسلر کے ترجمان اسٹیفن سیبرٹ نے کہا ہے کہ برلن حکومت نے فرانس اور سویڈن سے کہا تھا کہ نیولنی کے نئے سیمپلس کی بنیاد پر جرمنی کے ذریعے شواہد کا جائزہ لیا جائے۔ اور اب جو نتائج حاصل ہوئے ہیں ان سے نیولنی پر اس نرو ایجنٹ کی تصدیو ہوگئی ہے۔

 

اسرائیل اور دو خلیجی ریاستوں کے درمیان بحالئی تعلقات معاہدوں کی تقریب کو فلسطین نے قرار دیا یوم سیاہ

اسرائیل اور دو خلیجی ریاستوں کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے معاہدوں کی تقریب کو فلسطینی وزیر اعظم نے عالم عرب کے لئے  ایک اور یوم سیاہ قرار دیا ہے۔اپنی خبر میں روزنامہ ہندو نے مطلع کیا ہے کہ  مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی اور غزہ پر قابض حمس دونوں ہی نے امریکہ کی ثالثی سے طے پائے معاہدوں کی مذمت کی ہے اور اس کو عوام کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے سے تعبیر کیا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو اور متحدہ عرب امارات و بحرین کے اعلیٰ سفارت کار منگل کو ان معاہدوں پر دستخط کرنے والے ہیں۔ اخبار فلسطینی اتھارٹی کی ہفتہ وار میٹنگ سے محمد شطیّہ کے خطاب کے حوالے سے مزید رقمطراز ہے کہ منگل کے دن عالم عرب اور عرب لیگ کی تاریخ میں یوم سیاہ ہوگا جو متحدہ ہونے کے بجائے پارہ پارہ ہیں۔ مغربی ایشیا کے حوالے سے ہی اخبار راشٹریہ سہارا کی ایک خبر کے مطابق،امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اتوار کے روز کہا ہے کہ امریکہ۔۔ یوروپی یونین اور یوروپی ممالک سے حزب اللہ کو  دہشت گرد تنظیم قرار دینے یا اس پر مکمل پابندی کا مطالبہ کرتا رہے گا۔ امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر شائع ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ان کا ملک، حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور اس کو بلیک لسٹ کرنے لئے سربیا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے اور دوسرے ممالک کو بھی اس کی تقلید کرنا چاہیئے۔

 

افغانستان: بارودی سرنگ سے 5 فوجی ہلاک

افغانستان سے متعلق ایک خبر میں اخبار راشٹریہ سہارا نے مطلع کیا ہے کہ صوبے بدخشاں کے ضلع ابکاماری میں سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ کی زد میں آکر پانچ افغان فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ صوبائی کونسل کے رکن محمد ناصر نظری نے پیر کے روز بتایا کہ عسکریت پسندوں نے دہستان میں سڑک پر بارودی سرنگ بچھائی تھی اور ایک فوجی گاڑی اس کا شکار ہوگئی۔ نائب گورنر فیض محمد میر زادہ نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔اخبار مقامی حکام کے حوالے آگے لکھتا ہے کہ ملک میں شورش کے خاتمے کے لئے سنیچر کے روز دوحہ میں بین افغان مذاکرات شروع ہونے کے بعد سے شدت پسندوں اور سلامتی اہلکاروں سمیت31 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔